اسلام آباد دھماکا ، لواحقین کیلئے امداد کا اعلان کیا جائے :گورنر پنجاب

 اسلام آباد دھماکا ، لواحقین کیلئے امداد کا اعلان کیا جائے :گورنر پنجاب

وفاقی حکومت خواب خرگوش کی کیفیت میں، اتحادی کی وجہ سے سخت باتیں نہیں کرتے وفاق کی بے حسی صاف نظر آ رہی ، پیپلز پارٹی لاہور کے نائب صدر کے گھر جا کر تعزیت

لاہور (دی رپورٹر )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پیپلز پارٹی لاہور کے نائب صدر نصیر احمد کے گھر کا دورہ کیا اورانکی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ اس موقع پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔گورنر پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی کے کارکن ہر جگہ نظر آئیں گے ۔ اب پیپلز پارٹی کافی حد تک لاہور میں متحرک ہو چکی ہے ۔ اگلے انتخابات میں پیپلز پارٹی ہی کامیاب ہوگی اور پارٹی اپنے منزل کی طرف گامزن رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ وہ بسنت کی تقریب چھوڑ کر متاثرہ لواحقین سے ملاقات کے لیے اسلام آباد گئے ۔

انہوں نے کہا وہ سب سجدے میں تھے جب دھماکا ہوا۔سردار سلیم حیدر خان نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں شہداء اور زخمیوں کے لواحقین کے لیے کسی قسم کی امداد یا رقم کا اعلان نہیں کیا گیا ، امداد کا اعلان کیا جائے ۔ انہوں نے کہاوفاقی حکومت کی بے حسی صاف نظر آ رہی ہے ۔ گورنر نے مزید کہا کہ وہ اتحادی ہونے کی وجہ سے سخت باتیں کرنے سے گریز کر رہے ہیں، مگر حقیقت یہی ہے کہ وفاقی حکومت خواب خرگوش کی کیفیت میں ہے اور مظلوم لواحقین کو امداد فراہم کرنے میں غفلت برتی جا رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں