ایرانی کرنسی مزید گرگئی،ڈالر28 لاکھ ریال سے متجاوز
ایران کازمینی محاصرہ ناممکن:عراقچی،سپریم لیڈرکاقوم کو آبادی بڑھانے کاپیغام
تہران،یروشلم(نیوز ایجنسیاں)امریکا کی نئی اقتصادی پابندیوں کے اعلان کے بعد ایرانی کرنسی کی قدر میں مزید کمی ہوگئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 28 لاکھ 20 ہزار ریال تک پہنچ گیا۔ ایرانی ویب سائٹس کے مطابق یورو بھی 30 لاکھ 70 ہزار ریال تک جاپہنچا۔ ایران کی پارلیمان کے سپیکرباقر قالیباف کا کہنا ہے کہ تہران کے مطالبات پورے ہونے تک امریکا کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے ۔ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے قوم کو آبادی بڑھانے کا پیغام دے دیا۔ سپریم لیڈر نے کہا کہ مضبوط اور ترقی یافتہ ایران کے لیے نوجوان آبادی میں اضافہ ناگزیر ہے ۔ ماضی کی آبادی پالیسی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی خامیوں کا ازالہ ضروری ہے ، کم عمری میں شادی کی حوصلہ افزائی، بچوں کی پیدائش میں اضافہ اور خاندانی ثقافت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جغرافیائی حجم کے باعث ملک کا زمینی محاصرہ تقریباً ناممکن ہے ۔عراقچی کا کہنا تھا کہ اس کی ایک اور وجہ یہ ہے کہ پڑوسی ممالک کے سرحدی صوبوں کے ساتھ وسیع روابط ہیں۔قطر کے وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے واشنگٹن میں ملاقات کے بعد کہا کہ ایران اور امریکاکے درمیان کشیدگی کم کرنے کی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کیمیائی ہتھیار تیار کر رہا ہے ، تاہم ابھی اسرائیل پر ان سے حملہ کرنے کی صلاحیت حاصل نہیں کرسکا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments