سٹیل ملز بحالی کا روڈمیپ تیار، پانچ کمپنیوں کا اظہار دلچسپی

سٹیل ملز بحالی کا روڈمیپ تیار، پانچ کمپنیوں کا اظہار دلچسپی

روسی کمپنیاں سٹیل ملز کی بحالی میں سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کیلئے سنجیدہ ہارون اختر اور روسی سفیر کی ملاقات،دو طرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر گفتگو

اسلام آباد (وقائع نگار)پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے لیے ایک جامع روڈمیپ کوحتمی شکل دے دی گئی جس میں اس منصوبے کے سٹریٹجک، مالی اور آپریشنل پہلوؤں کا واضح خاکہ پیش کیا گیا ہے ۔پانچ سرمایہ کارکمپنیوں کی بھرپور دلچسپی سامنے آئی ہے۔ یہ اہم پیشرفت وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی پاکستان سٹیل ملز کی بحالی اور باہمی معاشی تعاون سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کے لیے روس میں پاکستان کے سفیر البرٹ خوریف سے اعلیٰ سطح ملاقات کے دوران سامنے آئی ۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے بالخصوص پاکستان سٹیل ملز کی بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ہارون اختر خان نے اس موقع پر اس امر کا اعادہ کیا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کا وژن پاکستان سٹیل ملز کو ایک فعال اور پیداواری قومی اثاثے کے طور پر بحال کرنا ہے ۔ معاونِ خصوصی نے کہا کہ پاکستان اور روس صنعتی اور پیداواری شعبوں میں معاشی تعاون کے ایک نئے دور کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ روسی کمپنیاں پاکستان سٹیل ملز کی بحالی میں سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کے لیے سنجیدہ ہیں۔ روسی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے اور ملاقاتیں جاری ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں