ایف آئی اے افسروں کیلئے دوران ڈیوٹی یونیفارم لازم قرار

ایف آئی اے افسروں کیلئے دوران ڈیوٹی یونیفارم لازم قرار

نئی یونیفارم پالیسی کا اطلاق امیگریشن اور انویسٹی گیشن کیڈر کے تمام افسروں پر ہوگا اقدام کا مقصد ادارے میں نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ شناخت کو فروغ دینا ، مراسلہ

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )ایف آئی اے نے افسروں کے لیے دوران ڈیوٹی یونیفارم پہننا لازمی قرار دے دیا ،ایف آئی اے کی جانب سے نئی یونیفارم پالیسی نافذ کردی گئی۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر مراسلہ جاری، مراسلے  میں کہا گیا کہ ادارے میں نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ تشخص کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئی یونیفارم پالیسی جاری کی گئی، نئی یونیفارم پالیسی کا اطلاق امیگریشن اور انویسٹی گیشن کیڈر کے تمام ایگزیکٹو اہلکاروں اور افسروں پر ہوگا۔ ایف آئی اے کے گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے تمام ایگزیکٹو افسروں کے لئے بھی دورانِ ڈیوٹی یونیفارم پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔اس اقدام کا مقصد ادارے میں یکسانیت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ شناخت کو فروغ دینا ہے ۔اس اقدام سے عوامی خدمات کی انجام دہی مزید مؤثر اور منظم انداز میں یقینی بنائی جائے گی ۔نئی پالیسی پر عملدرآمد کے لیے باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں