مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع، سردی مزید بڑھ گئی

مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع، سردی مزید بڑھ گئی

8گھنٹوں میں 4 انچ برف ریکارڈہوئی،تمام راستے کلیئر :ڈی پی او مری ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی،آج موسم خشک رہنے کا امکان

اسلام آباد،مری ،پشاور(اپنے رپورٹرسے ،اے پی پی )مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع، 8گھنٹوں میں تقریبا 4 انچ تک برفباری کے بعد بارش ،سردی مزید بڑھ گئی جبکہ پنجاب،بلوچستان ،آزادکشمیر کے متعدد علاقوں میں بھی بارش ،پختونخوا کے مختلف بالائی علاقوں میں برفباری بھی ہوئی ، سب سے زیادہ بارش مری میں 12، اسلام آباد13، راولپنڈی 11، اٹک 2، منگلا 1،مظفرآباد 11 ، مالم جبہ، کاکول 9، پشاور 8،چراٹ، پاراچنار 5 ،کوئٹہ 3، ژوب میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا نے کہا ہے کہ مری میں وقفے وقفے سے جاری ہلکی برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو چکا،اب تک تقریبا 4 انچ تک برف ریکارڈ کی جا چکی ،انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑکوں کو کلیئر کر دیا ، کوئی بھی راستہ بلاک نہیں ، سیاح بلا خوف و خطر ملکہ کوہسار کا رخ کر سکتے ہیں ۔ پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ شانگلہ سمیت ملحقہ بالائی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جاری ہے ، یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ،لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ،شوگران میں تین انچ ، کاغان میں پانچ انچ برف پڑ چکی ،گلیات کے متعدد مقامات پر سڑکیں بند ہو چکی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں