ازبک صدر کا دورہ پاکستان ،ثمرات پر موثر عملدر آمد کی ضرورت :صدر زرداری
خوراک، زراعت، معدنیات، آئی ٹی، سیاحت، صحت ،بینکاری دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم سفیر کی ملاقات،صدر نے دورہ ازبکستان کی دعوت قبول کرلی ،حکام کو رواں سال دورے کو حتمی شکل دینے ہدایت
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )صدرِ مملکت آصف زرداری نے پاکستان، ازبکستان قریبی برادرانہ تعلقات کو غیرمعمولی اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ ازبکستان کے صدر کے حالیہ تاریخی اور نتیجہ خیز سرکاری دور ہ پاکستان کے ثمرات پر موثر عملدرآمد کی ضرورت ہے ،انہوں نے یہ بات جمہوریہ ازبکستان کے پاکستان میں سفیرعلیشر تختایوف سے ایوانِ صدر میں ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے صدرِ پاکستان کو ازبک صدر شوکت مرزیایوف کا خط بھی پیش کیا۔ خط میں ازبک صدر نے دور پاکستان کے دوران غیرمعمولی مہمان نوازی اور پرتپاک استقبال پر صدر زرداری، حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان سے نوازے جانے اور اعزازی پروفیسرشپ و ڈاکٹریٹ عطا کئے جانے پر بھی دلی مسرت اور قدردانی کا اظہار کیا۔صدرِ مملکت نے ازبکستان کے ساتھ خوراک و زراعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، صحت اور بینکاری سمیت اہم شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ازبکستان کی جانب سے پاکستان سے حلال گوشت، پھل اور آلو درآمد کرنے میں دلچسپی کو دوطرفہ تجارت کے فروغ کی جانب مثبت قدم قرار دیا۔ازبک صدر شوکت مرزیایوف نے صدر زرداری کو دور ازبکستان کی اپنی دعوت کا اعادہ کیا، جو اس سے قبل دونوں رہنمائو ں کی بالمشافہ ملاقات کے دوران دی گئی تھی۔صدرِ پاکستان نے یہ دعوت قبول کرتے ہوئے متعلقہ پاکستانی حکام کو ہدایت کی کہ وہ ازبک ہم منصبوں سے رابطہ کر کے رواں سال کے دوران اس دورے کو حتمی شکل دیں ۔اس موقع پر ازبک سفیر نے صدرِ پاکستان کو آگاہ کیا کہ ازبکستان اسلام آباد کے ایف 7 سیکٹر میں واقع بابر پارک کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی رکھتا ہے ، اس سلسلے میں ایک متعلقہ ازبک وزیرپاکستانی حکام سے مشاورت کی غرض سے آئندہ ہفتے اسلام آباد کا دورہ کریں گے ۔ دریں اثنا صدر مملکت نے سائنس میں خواتین اور لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستانی خواتین اور لڑکیاں سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے ذریعے قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں ، ہماری بیٹیاں مہارت اور بلند حوصلے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں ،لیبارٹریوں، جامعات اور تحقیقی مراکز میں پاکستانی خواتین انجینئرنگ، طبی علوم، کمپیوٹنگ، بائیوٹیکنالوجی اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں تحقیق کی قیادت کر رہی ہیں ۔