ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کیلئے قدرتی دہشتگردی بن چکی :مصدق ملک

ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کیلئے قدرتی دہشتگردی بن چکی :مصدق ملک

چند ممالک سے کاربن کا اخراج، نتائج ترقی پذیر ممالک کو بھگتنا پڑتے : خطاب

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے خبردار کیا کہ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کے لئے قدرتی دہشت گردی کی شکل اختیار کر چکی ہے ۔ چوتھی پاکستان کلائمیٹ کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان 3 تا 4 فیصد معاشی شرحِ نمو حاصل کر رہا ہے ، تاہم بار بار آنے والے سیلاب باقاعدگی سے 7 تا 10 فیصد جی ڈی پی کو نقصان پہنچا دیتے ہیں، معاشی نقصانات کے علاوہ انہوں نے انسانی جانوں کے بھاری نقصان کی بھی نشاندہی کی اور بتایا کہ حالیہ سیلابوں میں 6ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 40 ملین افراد بے گھر ہوئے ، جن میں 20 ملین بچے شامل ہیں جو تعلیم سے محروم ہو گئے ۔ مصدق ملک نے زور دیا کہ ماحولیاتی آفات پوری کی پوری نسلوں کو دوبارہ غربت میں دھکیل دیتی ہیں ،انہوں نے عالمی سطح پر ماحولیاتی غفلت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چند ممالک کاربن کے اخراج کا بڑا حصہ پیدا کرتے ہیں اس کے نتائج ترقی پذیر ممالک کو بھگتنا پڑتے ہیں ۔تین نکاتی حکمتِ عملی کا خاکہ پیش کرتے ہوئے موجودہ وسائل کی بحالی، موجودہ انفراسٹرکچر کی توسیع، اور نئے موسمیاتی مزاحم نظاموں کی تعمیر ڈاکٹر مصدق ملک نے صنعتوں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کی قیادت میں گرین اختراعات میں سرمایہ کاری کریں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں