وزیراعظم کا نئے سولر ریگولیشنز کا نوٹس، اپیل کی ہدایت

وزیراعظم کا نئے سولر ریگولیشنز کا نوٹس، اپیل کی ہدایت

موجودہ کنٹریکٹس کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جائے ،عام صارفین پر بوجھ نہ پڑے ترلائی میں مسجد کا دورہ،شہدا کے لواحقین 50لاکھ ،زخمیوں کیلئے 30لاکھ کا اعلان

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے نیپرا کی جانب سے سولر کے حوالے سے نئے ریگولیشنز کے اجرا کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ پاور ڈویژن نیپرا کو سولر کے موجودہ صارفین کے کنٹریکٹ کے تحفظ کے حوالے سے فوراً نظر ثانی کی اپیل دائر کرے تاکہ موجودہ کنٹریکٹس کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جائے ۔ نیپرا کی جانب سے نئے ریگولیشنز کے اجراء پر بلائے گئے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ سولر سے مستفید ہونے والے 4 لاکھ 66 ہزار صارفین کا بوجھ 3 کروڑ 76 لاکھ سے زائد صرف نیشنل گرڈ سے بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر نہ پڑے ، اس حوالے سے پاور ڈویژن جامع لائحہ عمل تشکیل دے ۔

دریں اثنا شہبازشریف نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی کی مسجد و امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ کا دورہ کیا اور خود کش حملہ آور کو روکنے والے شہید عون عباس کے اہل خانہ کیلئے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا،وزیر اعظم نے کہا کہ ہر شہید کے اہل خانہ کو پچاس لاکھ روپے ، شدید زخمی ہونے والوں کو تیس لاکھ روپے ، جبکہ دیگر زخمیوں کو دس لاکھ روپے فی کس دئیے جائیں گے ۔مجھ سمیت پوری قوم 6 فروری کے دہشت گردی کے مذموم، مکروہ اور انتہائی گھناؤنے واقعے پر دکھ میں مبتلا ہے ۔تمام علمائے کرام اور تمام مسالک کے مسلمانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو اتحاد، یک جہتی اور ہم آہنگی قائم رکھ کر اسلام اور مسلمان دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا رہے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے دولتِ مشترکہ کے وزرائے قانون کے اجلاس میں پاکستان کو کامن ویلتھ ایکسس ٹو جسٹس انوویشن ایوارڈ 2026 حاصل کرنے پر وزارتِ قانون و انصاف کو مبارکباد دیتے ہوئے وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی سیکرٹری وزارتِ قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر کی قیادت میں انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ڈیجیٹل اصلاحات اور انقلابی اقدامات کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں