نئے صدر ریاست کا انتخاب ، زرداری ، شہبازشریف آج ملاقات
آزاد کشمیر میں یکم مارچ سے قبل نئے صدرریاست کا انتخاب آئینی ضرورت ہے
مظفرآباد ( محمد اسلم میر سے ) آزاد جموں و کشمیر میں صدارتی امیدوار کا نام فائنل کرنے کے لئے صدر آصف علی زرداری آج وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات کریں گے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیرِ اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور سمیت پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صدارتی امیدوار کے نام کو حتمی شکل دینے کے لئے صدر آج شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور دونوں رہنما مشترکہ طور پر صدارتی امیدوار لانے پر مشاورت بھی کریں گے۔
صدر زرداری کو آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی صدر آزاد کشمیر کے انتخاب کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی کو مسلم لیگ ن کی حمایت درکار ہے ، صدارتی انتخاب کے لئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی بھی ضروری ،اس پر بھی صدر زرداری وزیر اعظم پاکستان سے بات کریں گے تاکہ جتنا جلد ممکن ہو سکے آئندہ چند روز میں چیف الیکشن کمشنر کی مستقل تعیناتی کے لئے بھیجی گئی سمری کی منظوری دی جاسکے ،آزاد جموں و کشمیر میں 30 دن کے اندر یکم مارچ سے قبل نئے صدر کا انتخاب آئینی ضرورت ہے ۔ ادھر پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے ڈپٹی سپیکر چودھری ریاض کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔