کورم نشاندہی کے معاملے پر اپوزیشن اور سپیکر آمنے سامنے

 کورم نشاندہی کے معاملے پر اپوزیشن اور سپیکر آمنے سامنے

نامکمل کورم میں کارروائی غیر قانونی ، سپیکر نے اپوزیشن کا اعتراض مسترد کیا

اسلام آباد (سہیل خان)قومی اسمبلی میں کورم کی نشاندہی کے معاملے پر اپوزیشن اور سپیکر آمنے سامنے آگئے ۔قومی اسمبلی نے اپوزیشن رکن اقبال آفریدی کے کورم پورا نہ ہونے کے اعتراض کے باوجود قانون سازی جاری رکھی اور متعدد بلز منظور کر لئے ۔سوال یہ ہے کہ قومی اسمبلی میں کورم کی نشاندہی کے باوجود قانون سازی کی کیا حیثیت ہے ؟ ۔ اپوزیشن رکن اقبال آفریدی نے کورم پورا نہ ہونے کا اعتراض اٹھایا اور مؤقف اختیار کیا کہ اس صورتحال میں ہونے والی قانون سازی غیر قانونی ہے ۔سپیکر سردار ایاز صادق نے اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہا کہ قواعد میں ہر گھنٹے بعد کورم کی نشاندہی کی اجازت نہیں دی گئی۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ کارروائی کو بار بار معطل نہیں کیا جا سکتا، چنانچہ ایوان میں قانون سازی کا عمل جاری رکھا گیا اور متعدد بلز منظور کیے گئے ۔قبل ازیں اپوزیشن رہنما جنید اکبر خان کی نشاندہی پر کورم کی گنتی کرائی گئی تھی تاہم مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر اجلاس کورم مکمل ہونے تک ملتوی کر دیا گیا۔بار بار کورم ٹوٹنے پر سپیکر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ و وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری کو اپنے چیمبر طلب کیا اور ہدایت دی کہ حکومتی ارکان کی حاضری یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کورم پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے بصورت دیگر معاملہ وزیراعظم کے علم میں لایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں