اے این ایف کی کارروائی ، 1.2 ٹن چرس برآمد، 2 ملزم گرفتار
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)اینٹی نارکوٹکس فورس نے گوادر میں بین الاقوامی منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف بڑی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے 1.2 ٹن چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔
ذرائع کے مطابق برآمد شدہ منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریبا 66.15 ملین امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اے این ایف ایک بدنام زمانہ سمگلر کی سرپرستی میں چلنے والے منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کی کافی عرصے سے نگرانی کر رہی تھی۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اے این ایف نے پنجگور اور تربت قومی شاہراہ پر ایک مشتبہ ٹرک کو روک کر اس کی تلاشی لی، ٹرک کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کی گئی۔ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ برآمد شدہ منشیات افغانستان سے سمگل کر کے پاکستان لائی گئی تھی ، اے این ایف نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے نیٹ ورک کے سرغنہ اور دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔