2025 میں خلیجی ممالک سے 38616پاکستانی ڈی پورٹ
سعودیہ 27692، امارات 6794، عمان2537، قطر سے 644 پاکستانی ملک بدر پاکستانی پاسپورٹ اس وقت دنیا بھر میں 98ویں نمبر پر ہے ،اسمبلی وقفہ سوالات
اسلام آباد (اسلم لُڑکا)سال 2025 کے دوران خلیجی ممالک سے مجموعی طور پر 38 ہزار 616 پاکستانیوں کو مختلف قانونی اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر ڈی پورٹ کیا گیا۔ وزارت سمندر پار پاکستانیز نے قومی اسمبلی کو وقفہ سوالات کے دوران تحریری جواب میں بتایا کہ سعودی عرب سے سب سے زیادہ 27 ہزار 692 پاکستانیوں کو واپس بھیجا گیا۔ متحدہ عرب امارات سے 6 ہزار 794، عمان سے 2 ہزار 537، بحرین سے 786، قطر سے 644 اور کویت سے 163 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے ۔وجوہات میں 6 ہزار 939 مفرور افراد، غیر قانونی داخلے اور زائد قیام پر 4 ہزار 872 افراد شامل ہیں۔ خلیجی ممالک کی جیلوں سے 2 ہزار 12 پاکستانی رہائی کے بعد وطن واپس آئے ۔
بلیک لسٹ ہونے پر ایک ہزار 639، منشیات کے مقدمات میں ایک ہزار 125، ویزا خلاف ورزی پر 936، بھیک مانگنے پر 780 اور چوری کے الزام میں 190 افراد کو ڈی پورٹ کیا گیا۔امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر 332 جبکہ انٹرپول کے ذریعے 15 افراد کو واپس لایا گیا۔ مزید 13 ہزار 418 پاکستانی دیگر قانونی و انتظامی وجوہات کے تحت ڈی پورٹ کیے گئے ۔ وزارت داخلہ نے بتایا کہ پاکستانی پاسپورٹ اس وقت دنیا بھر میں 98 ویں نمبر پر ہے ۔ وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل نے بتایا کہ اے پی پی میں ہونے والی بھرتیاں ریگولر نہیں بلکہ کنٹریکٹ اور قواعد کے مطابق کی گئی ہیں۔ 2023ء سے کی گئی تقرریاں بورڈ آ ف ڈائریکٹرز کے پانچویں اجلاس میں منیجنگ ڈائر یکٹر کو تفویض کردہ تقرری اختیارات کے تحت کی گئیں ، وزارت دفاع نے تحریری طور پر بتایا کہ اس وقت بلوچستان میں فعال ایئرپورٹس کی تعداد سات ہے ۔