پی ایس ڈی پی بجٹ تجاویز میں تاخیر پرقائمہ کمیٹی برہم
بجٹ تجاویز کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر پیش کیا جائے ، وزارت کو ہدایت
اسلام آباد (نامہ نگار)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے ورکنگ پیپرز تاخیر سے جمع کرانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے لئے پی ایس ڈی پی بجٹ تجاویز تاحال حتمی شکل اختیار نہیں کر سکیں۔ اس تاخیر پر کمیٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزارت کو ہدایت کی کہ بجٹ تجاویز کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر پیش کیا جائے ۔ اجلاس چیئرمین سید مسرور احسن کی زیر صدارت ہوا ۔
، چیئرمین کمیٹی نے آئندہ اجلاسوں سے قبل بروقت ورکنگ پیپرز جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید غور و خوض موخر کر دیا اور وزارت کو اگلے اجلاس سے قبل پی ایس ڈی پی تجاویز مکمل کرنے کی ہدایت کی۔کمیٹی کو نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی (نافسا)کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ سینئر انتظامی عہدوں پر عارضی تقرریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمیٹی نے بورڈ آف گورنرز، ڈائریکٹر جنرل اور دیگر عملے کی مستقل بنیادوں پر تقرری کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں تھر کمیونٹی ایکشنز فار دی مینجمنٹ آف سسٹین ایبل ایکو سسٹم، لائیو اسٹاک اینڈ لائیولی ہڈ (تھر کیمل) منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی، کمیٹی نے منصوبے کی شمولیت میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مقامی مویشی نسلوں کے جینیاتی تحفظ اور تھرپارکر میں تشخیصی لیبارٹریوں کے قیام کے لیے نہایت اہم قرار دیا اور اس کی توثیق کی۔کمیٹی نے اونٹنی کے دودھ سے اعلیٰ معیار کا ملک پاؤڈر تیار کرنے کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔