جہد مسلسل کے ذریعے سچائی، حقیقت نے خود کو منوالیا:مقررین

جہد مسلسل کے ذریعے سچائی، حقیقت نے خود کو منوالیا:مقررین

ذوالفقار چیمہ کی فکر کی تازگی اور قلم کی جولائی نے جید ادیبوں کو اپنا مداح بنالیا تحریر اپنے سحر میں جکڑ لیتی:اصغر ندیم، شعیب بن عزیز، شجاعت علی و دیگر کا خطاب

لاہور (دنیا رپورٹ) سول سروسز کے رول ماڈل ، سابق آئی جی پولیس ذوالفقار احمد چیمہ کی انتہائی مقبول خود نوشت "جہد مسلسل "اور اہم مضامین پرمشتمل کتاب "افکار تازہ" کی تقریب پذیرائی سٹاف کالج میں ہوئی۔ معروف ڈرامہ نگار اصغر ندیم سید نے کہا "جہدِ مسلسل" کی غیر معمولی قابلیت سے میرا ایمان اس بات پر پختہ ہو گیا کہ سچائی اور حقیقت اپنے آپ کو منوا لیتی ہے ۔ معروف شاعر شعیب بن عزیز نے کہا ذوالفقار چیمہ کی فکر کی تازگی اور قلم کی جولانی نے جید ادیبوں کو بھی اپنا مداح بنالیا، کاش ہمارے معاشرے میں ان اعلیٰ اقدار اور ارفع مقاصد کو پرپذیرائی اور پیروی کی دولت نصیب ہو جن کیلئے ذوالفقار چیمہ جیسے اہل درد اپنی زندگیاں تج دیتے ہیں۔ سابق فیڈرل سیکرٹری ڈاکٹر شجاعت علی نے کہا ذوالفقار چیمہ سخت گیر ایڈمنسٹریٹر ہونے کے ساتھ حساس دل رکھنے والے شفیق انسان اور مخلص دوست بھی ہیں، ان کی کتابوں میں سول سرونٹس کیلئے بڑے سبق ہیں۔

معروف کالم نگار حماد غزنوی نے کہا ذوالفقار چیمہ غلط بات دیکھ کر اختلاف کی جرأت بھی کرتے ہیں جس کا اظہار انہوں نے سرکاری عمرے کی روداد میں کیا۔ وہ اچھی نثر کے سارے رموز سے واقف ہیں۔ جیوٹی وی کے بیورو چیف رئیس انصاری نے کہا ذوالفقار چیمہ ایک برانڈ کا نام ہے ۔ انہوں نے راولپنڈی میں ایک جوا خانہ ختم کیا تو ایم این نے انہیں تبدیل کرا دیا مگر اس کے خلاف جھوٹا کیس بنایا گیا تو ذوالفقار چیمہ نے کیس بنانے والوں پر تنقید کی یہ ہے ایمانداری اور اعلیٰ کردار جواب خال خال ہی ملتا ہے ۔ پروفیسر شیریں اسد نے کہا مصنف کے اعلیٰ کردار میں ان کے والدین کی تربیت کا بنیادی کردار ہے ۔ ان کی کتابیں ہر تعلیمی اور تربیتی ادارے میں پڑھائی جانی چاہئیں۔ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی پریذیڈنٹ فلاحت عمران نے کہا اگر ہر سول سرونٹ ذوالفقار چیمہ جیسا بن جائے تو یہ ملک جنت بن جائے ۔ تقریب میں ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں بہت سے خواتین و حضرات نے کتابوں پر ذوالفقار چیمہ سے دستخط کرائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں