گھریلوملازمہ تشددکیس،گواہان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت نے کم سن گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کیس میں طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر استغاثہ کے گواہان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
گزشتہ روز سماعت کے دوران طلبی کے باوجود گواہان عدالت پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے غیر حاضر گواہان کے وارنٹ جاری کئے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا کی وومن میڈیکل آفیسر مریم فاطمہ،سب انسپکٹر محمد نواز، سب انسپکٹر، قاسم ضیاء، سب انسپکٹر اعجاز احمد، سب انسپکٹرمحمد حنیف اور ریسکیو 1122 سرگودھا کے میڈیکل ایمرجنسی ٹیکنیشکن منور عباس، پولیس خدمت کاؤنٹر ڈی ایچ کیو سرگودھا میں تعینات پولیس ملازم کنول، پولیس ملازمین شفیق حسین، سجاد حسین، شمریز اقبال کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ سرکاری اداروں کو ان ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا بھی حکم دے دیا، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 فروری تک ملتوی کردی،یہ تمام سرکاری ملازمین رضوانہ تشدد کیس میں گواہ ہیں،عدالت کی جانب سے تمام گواہان کو متعدد بار طلب کیا گیا۔