خدا نے 3 سال اور دیئے تو پنجاب کی قسمت اور نصیب بدل جائیگا : مریم نواز
میانوالی میں میڈیکل ،زرعی اور لاکالج بنانے کا اعلان ،پنجاب محفوظ صوبہ بن گیا،اب کسی فراڈ کو ووٹ نہ دینا :وزیراعلیٰ پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ تک خیالات پہنچانے کیلئے خصوصی پورٹل ،پہلا سرکاری مریم نواز آٹزم سکول اورریسورس سنٹر قائم
لاہور،میانوالی (دنیانیوز،نامہ نگار)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاہے کہ خدانے تین سال اوردئیے تو پنجاب کی قسمت اورنصیب بدل جائے گا،میانوالی کے عوام اب روزاچھی خبر سنیں گے ،اب کسی فراڈ کو ووٹ نہ دینا،اب پنجاب کی سڑکیں،شہر،گاؤں،گھر گھر اوردل بھی چمکیں گے ۔وزیراعلیٰ نے دورہ میانوالی کے دوران شہر کے لئے اربوں روپے کے پراجیکٹس کا اعلان کیا۔انہوں نے میڈیکل کالج ، نرسنگ اور دیگر ہیلتھ پروفیشنل کے لئے الائیڈ کالج ،زرعی کالج اورلاکالج بنانے ، میانوالی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دینے اورپنجاب میں اپنا کھیت اپنی زمین پراجیکٹ اوربے زمین کاشتکاروں کو 3لاکھ ایکڑزرعی اراضی دینے کے اعلانات کئے ،بے زمین کاشتکاروں کو 5ایکڑ اراضی25سال کی لیزپر کاشتکاری کیلئے دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب کا آغاز میانوالی کی مقامی زبان سے کرتے ہوئے کہاکہ میانوالی والے بھائیو،ترکڑے او،میڈیوں دھیوں تے بہنو، اج ہاں بہوں خوش تھیا۔ان کاکہناتھاکہ میانوالی کے غیرت مند بھائیوں اوربزرگوں نے جس محبت سے نوازا،میں سو گنا بڑھ کر انکی خدمت سے جواب دوں گی۔ میانوالی پنجاب کے نقشے سے دور ہوسکتا ہے ،مریم نوازشریف کے دل سے نہیں۔دو سال میں تیسری،چوتھی مرتبہ میانوالی آچکی ہوں،جب پہلی مرتبہ آئی تو میانوالی میں ترقی کے آثار ڈھونڈتی رہی۔میانوالی کا ایک بندہ اعلیٰ ترین منصب پر بھی فائز رہا۔ میں کہتی ہوں کہ میری پیدائش میانوالی کی نہیں لیکن میرا دل میانوالی کا ہے ،عوام جانتے ہیں کہ مریم نواز،نوازشریف کی بیٹی ہے ،دعوے نہیں کام کرکے دکھاتی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہامریم نواز کے دل میں پنجاب کے شہریوں کیلئے کوئی تفریق نہیں، وہ دن گئے جب ووٹ میانوالی سے لیا جاتا تھا اورعوام کو رلنے کیلئے چھوڑ دیا جاتا تھا،دوسال میں عوام کیلئے اتنا کام کیا جتنا 20سال میں نہیں ہوا۔ پنجاب محفوظ صوبہ بن گیاہے ،کسی کو میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو مریم نواز معاف نہیں کرے گی۔ میں نے پولیس کو ڈانٹا ہے کہ کسی کو اوئے کہہ کر نہیں پکارنا،سر کہہ کربلایا جائے ۔کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کی اجازت نہیں دوں گی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے لاہور میں مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب بھر میں 20ہزار سے زائد سپیشل بچوں کا علاج اورسرجری کرکے نارمل زندگی بحال کی گئی۔
سپیشل بچے بہت خاص ہیں،آٹسٹک بچے ،ان کے گھر والے ا وران کے والدین بھی میرے لئے خاص ہیں۔ میری چھوٹی بہن اسما کا سب سے بڑا بیٹا ابراہیم آٹسٹک ہے ،میری بہن اسما اپنے دونوں نارمل بچوں کو آٹسٹک ابراہیم کا خاص خیال رکھنے کی ٹریننگ دے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ میرا کام سڑکیں،ہسپتال اورسکول بنانا ہی نہیں لوگوں کے مسائل حل کرنا بھی ہے ،محروم افراد سے بے خبر ریاست سے زیادہ نااہل کون ہوسکتا ہے ،ہم انسانی وسائل بہتر کرنے کیلئے بہترین سرمایہ کاری کر رہے ہیں،لوگوں کی مشکلات میں آسانی میرے لئے خوشیوں کا باعث بنتی ہے ۔دوسری طرف پنجاب میں پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ تک خیالات پہنچانے کیلئے خصوصی پورٹل قائم کیاگیا ہے ۔مریم نواز نے ٹاک ٹو سی ایمپورٹل کا ڈیجیٹل آغاز کیا۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بریفنگ میں بتایا کہ نوجوان ٹاک ٹو سی ایم پورٹل پر اپنا نام اورمختصر معلومات کے ساتھ آئیڈیاز بھی شیئر کرسکیں گے ۔