پی این ایس خیبر کا ترکیہ میں نیول بیس کا دورہ، مشترکہ مشقیں
ترک بحریہ کیساتھ گشت میں شرکت،اعلیٰ بحری حکام کی ملاقات، تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) پاک بحریہ کے حال ہی میں کمیشن ہونے والے جدید جہاز پی این ایس خیبر نے ترکیہ سے پاکستان کے پہلے سفر کے دوران اکساز نیول بیس کا دورہ کیا اور ترک بحریہ کے جہاز کے ساتھ دو طرفہ بحری مشق ترگتریز TURGUTREIS-XIII اور مشترکہ گشت میں حصہ لیا۔اکساز میں قیام کے دوران جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے ترک سدرن سی ایریا کمانڈر وائس ایڈمرل رافت اوکتار سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ بحری تعاون اور علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں ترک حکام نے پی این ایس خیبر کا دورہ بھی کیا۔بندرگاہ کے دورے کے بعد پی این ایس خیبر نے ترک بحریہ کے جہاز TCG Heybeliada اور SH-70 ہیلی کاپٹر کے ساتھ دو طرفہ مشق میں شرکت کی۔ مشق کے اختتام پر دونوں بحری جہازوں نے مشرقی بحیرہ روم میں مشترکہ گشت (CORPAT) کیا۔دو طرفہ مشقوں کا انعقاد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پائیدار شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا گیا۔