ترلائی دھماکا ، شیعہ علما کونسل کے مظاہرے ، مذمتی قرار دادیں منظور
حکومت سانحہ کی شفاف تحقیقات کرکے سرپرستوں کو کیفرو کردار تک پہنچائے 15 روز میں مطالبات پر عملدرآمد نہ ہوا تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں :اعلامیہ
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )شیعہ علماء کونسل پاکستان کی اپیل پر وفاقی دارالحکومت، چاروں صوبوں ،آزاد کشمیر وگلگت بلتستان سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سانحہ ترلائی کیخلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں ، سیمینار و دیگر پروگرامزکا انعقاد کیا گیاجس میں علماء کرام، شیعہ علماء کونسل اور جے ایس او کے مرکزی عہدیداران ،کار کنوں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، اس موقع پر سانحہ کیخلاف مذمتی قرار دادیں بھی منظور کی گئیں ۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان نے حکومت سے سانحہ کی شفاف غیر جانبدارنہ تحقیقات کرا کر دہشتگردوں کے سر پرستوں کو کیفرو کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ ادھر ملتِ جعفریہ پاکستان کی جانب سے امام بارگاہ جی سکس ٹو میں جمعہ کا اجتماع ہوا جس سے علامہ شیخ شفاء نجفی نے خطاب کیا، بعداز نماز جمعہ احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں مرکزی قائدین و علمائے کرام سمیت ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ ریلی کے بعد متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ اگر ہمارے مطالبات پر 15 دن کے اندر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ہم ملک بھر میں پُرامن احتجاجی تحریک کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔