ایم 10 موٹروے ، سعودیہ کو سرمایہ کاری کی پیشکش
اوآئی سی کانفرنس کے موقع پرعبدالعلیم خان کی سعودی وزیرٹرانسپورٹ سے ملاقات ترکیہ کی سابق وزیر زہرہ سے بھی ملاقات، زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے جاری او آئی سی کانفرنس کے موقع پر سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس صالح بن ناصر الجاصر سے ملاقات کی، منعقدہ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ، میری ٹائم اور علاقائی رابطوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے سعودی حکومت کو کراچی پورٹ سے حیدرآباد تک ایم10 موٹروے کی تعمیراور نئے الائنمنٹ منصوبے پر سرمایہ کاری کی باقاعدہ پیشکش کی،عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب گہرے برادرانہ اور مذہبی تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک یکساں مضبوط اقتصادی و تجارتی رجحانات کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان زمینی رابطوں اور ٹریڈ کاریڈورز میں اضافہ کر کے خطے کا تجارتی مرکز بننا چاہتا ہے جس کے لیے میری ٹائم کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس صالح بن ناصر الجاصر نے پاکستان کے شعبہ مواصلات میں جدت لانے کے امور میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشنز میں اضافے کا خواہاں ہے اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عہد میں ڈیجیٹلائزیشن اور روڈ سرویلینس سڑکوں کی نگرانی اہم ترین ضروریات ہیں،وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے 'سیسریک' کی ڈائریکٹر جنرل اور ترکیہ کی سابق وزیر برائے خاندان و سماجی خدمات، محترمہ زہرہ زمروت سلجوق نے بھی ملاقات کی،جس کے دوران دونوں جانب سے زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر اسلامک بینکنگ کے شعبے میں باہمی اشتراکِ عمل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔