ڈیجیٹل معیشت کیلئے نیشنل یوتھ ایکسیلیریٹر قائم کرنے کا فیصلہ

 ڈیجیٹل معیشت کیلئے نیشنل یوتھ  ایکسیلیریٹر قائم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نے ملکی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے ‘‘نیشنل ڈیجیٹل یوتھ ایکسیلیریٹر’’ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ اقدام قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کے تحت کیا جا رہا ہے جس کا مقصد معیشت کو مرحلہ وار ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کرنا ہے ۔دستاویز کے مطابق عالمی سطح پر ڈیجیٹل معیشت روایتی معیشت کے مقابلے میں ڈھائی گنا زیادہ تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ اس تناظر میں پاکستان کو آئی ٹی سروسز اور فری لانسنگ تک محدود رہنے کے بجائے ہائی ویلیو مصنوعات اور انٹلیکچوئل پراپرٹی کی تخلیق پر توجہ دینا ہوگی۔مذکورہ پروگرام 13 سے 17 سال کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے تیار کیا گیا ہے ، جس کے تحت انہیں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، کوانٹم کمپیوٹنگ، جینومکس، برین کمپیوٹر انٹرفیس، فیوژن انرجی اور خلائی ٹیکنالوجی سمیت کم از کم 25 جدید شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔ اس کے ساتھ نوجوانوں میں مون شاٹ سوچ، اختراعی صلاحیت اور کاروباری مہارتوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔پروگرام کے لیے بین الاقوامی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ منتخب کمپنی ایک مکمل کلاؤڈ بیسڈ، وائٹ لیبل ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کرے گی جو پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے ڈومین پر قومی شناخت کے مطابق کسٹمائز ہو کر چلایا جائے گا۔ پلیٹ فارم میں آن لائن رہنمائی، عالمی ماہرین سے رابطے اور منصوبوں کی پیش رفت کی نگرانی کا نظام بھی شامل ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں