بجٹ : وزارتوں، اداروں سے آمدن، اخراجات کی تفصیل طلب
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وزارتِ خزانہ نے وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2026-27 کی تیاری کے لیے وفاقی وزارتوں، انتظامی ڈویژنز، خودمختار اداروں اور ماتحت محکموں کو آمدن اور اخراجات کی تفصیلات ارسال کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
مراسلے کے مطابق مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ تخمینوں اور رواں سال کی مالی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ بجٹ کی سفارشات تیار کی جائیں گی۔ تخمینوں میں کسی بھی کمی یا اضافے کی وجوہات اور ان کے مالی اثرات کی تحریری وضاحت لازمی ہوگی۔دستاویز میں بتایا گیا کہ ٹیکس آمدن کے تخمینے ایف بی آر تیار کرے گا جبکہ نان ٹیکس آمدن اور ملکی سرمایہ جاتی وصولیوں کے تخمینے متعلقہ انتظامی ڈویژنز مرتب کریں گے ۔ غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کے اعداد و شمار اقتصادی امور ڈویژن اور فنانس ڈویژن فراہم کریں گے ، جبکہ قرضوں، ڈیپازٹس اور ریزروز سے متعلق تخمینے ڈائریکٹر جنرل ڈیٹ اور نیشنل سیونگز کے ادارے پیش کریں گے ۔وزارتِ خزانہ نے واضح کیا کہ نئے ٹیکس یا نان ٹیکس چارج کے نفاذ یا موجودہ قوانین میں ترمیم کی کسی بھی تجویز کے ساتھ مسودہ قانون، جواز اور متوقع سالانہ مالی اثرات بھی ارسال کیے جائیں تاکہ انہیں فنانس بل 2026-27 میں شامل کیا جا سکے ۔