کراچی : جماعت اسلامی کا مارچ، پولیس سے جھڑپیں، پتھرائو ،کئی زخمی، 12 گرفتار
مذاکرات کی ناکامی کے بعد کارکن سندھ اسمبلی کی طرف بڑھے تو پولیس نے شیلنگ ، لاٹھی چارج شروع کردیا بدترین ٹریفک جام،کسی کو تماشے کی اجازت نہیں دینگے :ضیا لنجار،جماعت کا آج 10 شاہراہوں پر دھرنوں کا اعلان
کراچی (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں پولیس کی جانب سے جماعت اسلامی کے مارچ پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے پولیس سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد سندھ اسمبلی کی جانب مارچ شروع کیا تو پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے ایک کارکن زخمی ہوگیا،مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جس سے کئی اہلکار زخمی ہوگئے ، پولیس نے 12 کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے مختلف سڑکوں پر پولیس موبائلز اور بسیں کھڑی کر کے راستے بند کر دئیے تھے تاکہ مظاہرین اسمبلی تک نہ پہنچ سکیں جبکہ جماعت اسلامی کے کارکن رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کے دروازے پر پہنچ گئے ۔ پولیس نے ساؤنڈ سسٹم والا ٹرک تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔
ہنگامہ آرائی کے باعث سندھ اسمبلی سے متصل شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کسی صورت سڑکوں کو بلاک کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ قبل ازیں جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی فاروق فرحان اور پولیس میں مذاکرات ہوئے ، پولیس نے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ۔پولیس کا کہنا تھا سندھ اسمبلی تک آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا تھاجب تک راستہ نہیں دیا جائے گا ہم سڑک پر بیٹھے رہیں گے ۔ دوسری جانب وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا کسی کو تماشہ کرنے کی اجازت نہیں دینگے ۔ جماعت اسلامی کے ساتھ شام 4 بجے مذاکرات ہوئے تھے ، بتا دیا تھا سندھ اسمبلی نہیں آنے دیں گے ،اسمبلی کی جانب بڑھنے پر کارروائی کرنی پڑی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کراچی میں پرامن شہریوں پر آنسو گیس کی شیلنگ بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے ۔ ٹی وی کے مطابق حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے پیپلزپارٹی کی فسطائیت پورا ملک دیکھ رہا ہے ، کراچی کے شہری اپنا حق لے کر رہیں گے ۔دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سندھ اسمبلی کے قریب کورٹ روڈ پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احتجاج کو شہر بھر میں پھیلانے کا اعلان کیا اور کہا اہل کراچی کو حق دو اور جینے دو تحریک کے سلسلے میں آج اتوار کو شہرکی 10مرکزی شاہراہوں پر احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے جن میں شارع فیصل، شاہراہ قائدین، سپر ہائی وے ، نیشنل ہائی وے ، شاہراہ اورنگی، شاہراہ کورنگی، شاہراہ پاکستان، ماڑی پور روڈ و دیگر شامل ہیں۔