عمران کی صحت پر سیاست کرونگا نہ کرنے دونگا : سہیل آفریدی
بانی کی صحت پر کارکنوں میں غم و غصہ ، ہمیں اسے کمزوری نہیں طاقت بنانا ہے کوئی ہرگز یہ نہ سوچے کہ میں عمران کے علاج تک آرام سے بیٹھوں گا:ایکس پر پیغام
پشاور(این ا ین آئی)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کی صحت پر خود سیاست کروں گا اور نہ کسی کو کرنے دوں گا۔سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے پاکستانیو ! عمران خان کی صحت میرے لیے سیاست سے بڑھ کر ہے ۔کوئی ہرگز یہ نہ سوچے کہ میں عمران خان کے علاج تک آرام سے بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم میں عمران خان کے لیے بے انتہا محبت کی وجہ سے جو اس وقت غم اور غصہ پایا جا رہا ہے اْس کا مْجھے بخوبی احساس ہے لیکن اس کو ہم نے اپنی کمزوری نہیں اپنی طاقت بنانا ہے ۔ ہمیشہ سخت اور نازک وقت میں آپ کو اعصاب مضبوط رکھ کر حکمت سے جنگ لڑنی پڑتی ہے ۔ ایسے وقت میں آپ کی پوشیدہ حکمت عملی ہی آپ کی بہترین طاقت ہوتی ہے ۔سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کوئی معمولی شخص نہیں وہ پاکستان کا سابق اور موجودہ وزیر اعظم ہے اور پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے تاحیات چیئرمین ہے ۔ اْن کی صحت کے ساتھ مذاق کیا گیا ہے جو ناقابل معافی فعل ہے ۔ اب اس وقت اْن کا بہترین علاج ہماری اولین ترجیح ہے ۔