گورنر ہاؤس کے دروازے ہر فرد کیلئے کھلے : سردار سلیم
صدر گوگیرہ(نمائندہ دنیا)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بہادروں کی دھرتی پر آکر انہیں دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے، ہانس قبیلہ اپنی اہمیت، تاریخ اور کردار کے اعتبار سے ایک عظیم قبیلہ ہے۔۔۔
جس کا قومی تاریخ میں انمٹ مقام ہے ۔وہ ورلڈ ہانس رجسٹرڈ کے زیر اہتمام صدر گوگیرہ، ضلع اوکاڑہ میں منعقدہ ہانس قبیلہ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ہانس قبیلہ کی میزبانی میں منعقدہ اس فقیدالمثال کنونشن میں شرکت کا موقع ملا۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جب تک وہ گورنر کے عہدے پر فائز ہیں، گورنر ہاؤس پنجاب کے دونوں دروازے ہر فرد کیلئے کھلے رہیں گے ۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر و صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہتری اور استحکام کیلئے پوری قوم کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ہانس قبیلہ کی حب الوطنی اور یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس علاقے میں متعدد بار آ چکے ہیں اور یہاں کے لوگوں کی محبت قابلِ قدر ہے ۔کنونشن سے میاں منیر احمد، عبدالمجید آرائیں، ایم این اے ٹکٹ ہولڈر رضوان ہانس آف ملتان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ چیئرمین ہانس قبیلہ نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور روایتی گھوڑا ناچ کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب، سردار عتیق احمد خان اور دیگر معزز مہمانوں کو پگڑیاں پہنائی گئیں، جبکہ اجرک اور سندھی ٹوپی بھی پیش کی گئی۔ مختلف شخصیات کو شیلڈز دی گئیں اور بعد ازاں مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔