ٹی 20ورلڈکپ:پاکستانی بلے باز ریت کی دیوار ثابت،بھارتی ہٹ دھرمی برقرار،پھر مصافحہ نہ کیا

ٹی 20ورلڈکپ:پاکستانی بلے باز ریت کی دیوار ثابت،بھارتی ہٹ دھرمی برقرار،پھر مصافحہ نہ کیا

بھارت کے 176 رنز ہدف کے تعاقب میں پوری قومی ٹیم 18ویں اوور میں 114 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی،پاکستان کا ٹاپ آرڈر ابتدائی چھ اوورز میں ہی پویلین لوٹ گیا کئی تنازعات کے بعد شیڈول میچ میں بھی بھارتی کپتان نے ہاتھ نہ ملایا،رن ریٹ کی بنیاد پر پاکستان امریکا سے بھی نیچے ،اگلے مرحلے میں رسائی کیلئے نمیبیا کیخلاف فتح لازمی

 کولمبو (سپورٹس ڈیسک)ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد انڈیا نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی ۔سری لنکا کے پریما داسا کرکٹ سٹیڈیم کولمبو میں انڈیا کے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 18ویں اوور میں 114 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان کی بیٹنگ لائن بُری طرح ناکام رہی۔ وکٹ کیپر عثمان خان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک انڈین بولرز کا سامنا نہ کر سکا۔ پاکستان کا ٹاپ آرڈر ابتدائی چھ اوورز میں ہی پویلین لوٹ گیا۔ اس سے پہلے انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے تھے ۔ پاکستان نے ہدف کے تعاقب کا مایوس کن آغاز کیا، اننگز کے پہلے اوور میں اوپنر صاحبزادہ فرحان صفر جبکہ  دوسرے اوور میں صائم ایوب چھ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔اس کے بعد کپتان سلمان علی آغا چار اور بابر اعظم پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔ یوں ابتدائی پانچ اوورز میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام ہو گیا۔وکٹ کیپر عثمان خان اور شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ رنز نہ بنا سکا۔ عثمان خان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ان کے علاوہ شاداب خان 14، محمد نواز4، فہیم اشرف 10، ابرار احمد اور عثمان طارق بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے ۔

انڈیا کی جانب سے ہردک پانڈیا، جسپریت بمراہ، اکشر پٹیل اور ورون چکرورتی نے دو، دو جبکہ کُلدیپ یادیو اور تلک ورما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت کی جانب سے ایشان کشن نے 40 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز کھیلی،انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ٹی20 ورلڈ کپ کا یہ میچ کئی سارے تنازعات کے بعد شیڈول ہوا تھا۔ میچ سے قبل بھارتی کپتان نے پھر ہاتھ نہیں ملایا۔ پاکستانی کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔اس موقع پر پاکستان اور بھارت کرکٹ ٹیم کے کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔اس سے قبل ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں انڈیا اور پاکستان 16 مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں جن میں سے ایک میچ ٹائی ہوا جبکہ صرف تین میچز میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔رن ریٹ کی بنیاد پر پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر امریکا سے بھی نیچے چلا گیا ہے ، امریکا کے 4 میچز میں 2 فتوحات کے ساتھ 4 پوائنٹس اور رن ریٹ 0.788 ہے ۔پاکستان ایونٹ میں اپنا آخری گروپ میچ بدھ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گا، اور اس میچ میں اگر نمیبیا نے اپ سیٹ کردیا تو پاکستان ٹیم نہ صرف سپر 8 کی دوڑ سے بلکہ ایونٹ سے ہی باہر ہوجائے گی۔ پاکستان کی نمیبیا کے خلاف شکست کی صورت میں گروپ اے سے بھارت کے ساتھ امریکا سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرجائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں