پید ا ہوتے ہی اذان کے بعد گولیوں کی آواز سنی ،ان سے نہ ڈراؤ:صدر زرداری
سابقہ حکومت کے سبب معاشی مشکلات ، مہنگائی کاشکار، ملک پبلک لمیٹڈ کمپنی نہیں کہ اثاثے بیچ دے وزیر اعظم چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مخلصانہ کوششیں کررہے ، بی بی کی سوچ جیسا لیڈر نظر نہیں آتا:خطاب
رحیم یارخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سابقہ چار سالہ حکومت کے سبب ملک معاشی مشکلات ، مہنگائی کاشکار ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک پبلک لمیٹڈ کمپنی نہیں کہ دیوالیہ ہوگیا تو اثاثے بیچو،اپنے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں بنایا،وزیر اعظم چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مخلصانہ کوششیں کررہے ، پیدا ہوتے ہی اذان کے بعد گولیوں کی آواز سنی ، مجھے ان سے نہ ڈراؤ۔ رحیم یار خان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے یوسف رضا گیلانی کو وزیراعظم بنایا، ہم سرائیکیوں کی عزت کرتے ہیں، میری مادری زبان سرائیکی ہے ۔
صدر زرداری نے کہا کہ بی بی کی سوچ جیسا لیڈر نظر نہیں آتا، انہوں نے بھٹو سے اورہم نے بی بی سے سیاست سیکھی۔صدر مملکت نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کو دوست ممالک نے پاکستان واپسی سے منع کیا، بی بی نے کہا میں نے عوام سے وعدہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی بی کے نصیب میں شہادت تھی، میرے گمان میں بھی نہیں تھا کہ ایسا ہوگا، جب وہ گاڑی میں بیٹھیں،میں نے منع کیا کہ جانے کی ضرورت نہیں، وہ نہ ڈرنے والی بھٹو کی بیٹی تھیں۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم پاکستان کو ٹوٹنے نہیں دیں گے ۔ ابھی ڈیڑھ سال ہوا ہے ، جیل مردوں کی طرح کاٹو،عورتوں کی طرح کیوں رو رہے ہو، میری بہن کو رات کو پکڑا، اس وقت یاد نہیں آیا، بے نظیر بھٹوکو 5 سال سکھر جیل میں بند کیا گیا۔صدر زرداری کا کہنا تھا کہ جتنا آپ جھکیں گے اتنی عزت ملے گی، پیدا ہونے کے بعد اذان کے بعد گولیوں کی آواز سنی،ہمیں ان سے نہ ڈراؤ۔