بنگلہ دیشی وزیراعظم کاحلف ،شہبازشریف نہیں جاسکیں گے

 بنگلہ دیشی وزیراعظم کاحلف ،شہبازشریف نہیں جاسکیں گے

وزیراعظم طے شدہ دورہ آسٹریا پر روانہ ہوگئے ، احسن اقبال بنگلہ دیش جائینگے شہباز شریف آسٹرین ہم منصب سے ملاقات ،برنس فورم کی صدارت کرینگے

اسلام آباد (دنیا نیوز، نامہ نگار، وقائع نگار ) بنگلہ دیش میں حالیہ تاریخی انتخابات کے بعد نئی حکومت اور کابینہ کی تشکیل کا عمل جاری ہے، نئی بنگلہ دیشی حکومت کی تقریبِ حلف برداری 17 فروری کو ڈھاکہ میں ہوگی۔ اس سلسلے میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے 17 فروری کو ہونے والی نئی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے 13 ممالک کے سربراہانِ حکومت کو دعوت دی ہے ۔ مدعو کیے گئے ممالک میں پاکستان سمیت چین، سعودی عرب، بھارت، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، قطر، ملائیشیا، برونائی، سری لنکا، نیپال، مالدیپ اور بھوٹان شامل ہیں ۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کو تقریبِ حلف برداری کے لیے دعوت نامہ موصول ہوا لیکن وزیر اعظم کے آسٹریا کے پہلے سے طے شدہ سرکاری دورے ہیں، اسی مصروفیت کے باعث شرکت ممکن نہیں ہوگی ۔

آسٹریا کے دورے کے بعد وزیر اعظم برطانیہ جائیں گے اور وہاں سے امریکا میں ہونے والے پہلے بورڈ آف پیس کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز طے شدہ دورہ آسٹریا پر ویانا روانہ ہوگئے جس کے باعث وہ بنگلہ دیشی وزیراعظم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کرسکیں گے ،ان کی جگہ احسن اقبال پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔ آسٹریا کے وفاقی چانسلرکرسچن سٹاکرکی دعوت پروزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پرگزشتہ رو ز ویاناکیلئے روانہ ہوئے ، وزیر اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کاوفد بھی ہے جس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سید طارق بلوچ شامل ہیں۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال مکمل کر رہا ہے ،وزیراعظم اپنے آسٹریا کے ہم منصب سے دوطرفہ بات چیت کریں گے اورآسٹریا بزنس فورم کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے ۔ شہباز شریف کا یہ دورہ تین دہائیوں میں کسی پاکستانی وزیر اعظم کا آسٹریا کا پہلا دورہ ہے ، آخری دورہ اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے 1992 میں کیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں