موٹروے ، پولیس اکیڈمی ملازمین کو خصوصی الاؤنس دینے کی سفارش
الائونس بنیادی تنخواہ کا 50فیصد ہوگا، خزانہ پرسالانہ 2ارب 6کروڑکا اضافی بوجھ پڑیگا کمیٹی نے وزارت اطلاعات کا کمیونیکیشن الاؤنس معاشی حالات کے باعث مسترد کر دیا
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں وفاقی ملازمین کے خصوصی الاؤنسز کا جائزہ لینے والی کمیٹی نے اپنی سفارشات وزارت خزانہ کو ارسال کر دی ہیں۔ کمیٹی نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے گریڈ ایک سے بائیس تک کے ملازمین کے لیے بنیادی تنخواہ کے 50 فیصد کے برابر سپیشل الاؤنس کی سفارش کی ہے جس سے سالانہ 2 ارب 6 کروڑ 97 لاکھ 30 ہزار روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
اس کا اطلاق یکم جنوری 2026 سے کرنے کی تجویز ہے ۔اسی طرح نیشنل پولیس اکیڈمی کے افسران کو بھی بنیادی تنخواہ کے 50 فیصد کے مساوی الاؤنس دینے کی منظوری دی گئی ہے جس سے سالانہ 2 کروڑ 50 لاکھ روپے اضافی خرچ ہوگا۔کمیٹی نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ملازمین کے لیے 8 کروڑ 33 لاکھ 27 ہزار روپے مالیت کے کمیونیکیشن الاؤنس کی تجویز معاشی حالات کے پیش نظر مسترد کر دی۔منظور شدہ تجاویز کی صورت میں قومی خزانے پر مجموعی طور پر 2 ارب 17 کروڑ 80 لاکھ 57 ہزار روپے سالانہ اضافی بوجھ آئے گا۔ حتمی منظوری آئندہ وفاقی بجٹ میں دی جائے گی۔