لاہور ہائیکورٹ:سولر نیٹ میٹرنگ پالیسی پر حکومت سے جواب طلب
لاہور(کورٹ رپورٹر،این این آئی)لاہور ہائیکورٹ کا سولر نیٹ میٹرنگ کی نیپرا اورحکومتی پالیسی کے خلاف دائر درخواست کا عبوری تحریری حکم جاری، وفاقی حکومت، نیپرا اور لیسکو سے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے درخواست پر ابتدائی سماعت کا دو صفحات پر مشتمل عبوری تحریری حکم جاری کرتے ہوئے فیصلے میں کہا کہ درخواست میں اٹھائے گئے نکات انتہائی اہم نوعیت کے ہیں اور عدالت معاملے کا گہرائی سے جائزہ لے گی، وفاقی حکومت، نیپرا اور لیسکو جواب جمع کرائیں، اٹارنی جنرل عدالتی معاونت کے لئے پیش ہوں۔ درخواست گزاروں کے وکیل نعمان قیصر نے دلائل میں مو قف اختیار کیا کہ نیٹ میٹرنگ کی جگہ نیٹ بلنگ لانا صارفین کے حقوق پر ڈاکا ہے ۔نیپرا کے نئے قوانین آئین کے آرٹیکل 23اور 24کی خلاف ورزی ہیں، حکومت نے یونٹ کے بدلے یونٹ کا وعدہ توڑ دیا، نئی پالیسی سولر سسٹم پر سرمایہ کاری کرنے والے شہریوں پربوجھ بن گئی۔عدالت پرانی نیٹ میٹرنگ پالیسی کو برقرار رکھنے کے احکامات جاری کرے اورنئے ریگولیشنز پر عملدرآمد فوری روکنے کا حکم دے ۔ ہائیکورٹ نے مزید سماعت ملتوی کر دی۔