پختونخوا : دہشتگردوں کے حملے، 3 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 شہید

پختونخوا : دہشتگردوں کے حملے، 3 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 شہید

ٹانک میں 2ایف سی اہلکار، شانگلہ میں حوالدار شہید، 5افراد زخمی بھی ہوئے بنوں میں تھانے کے گیٹ پر دھما کا، 2 جاں بحق ، 20افراد شدید زخمی ہو گئے

پشاور،بنوں،شانگلہ،ڈیرہ اسماعیل خان (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)پختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشتگردوں کے حملے میں ایف سی کے 2اہلکار شہید،5زخمی ہو گئے جبکہ بنوں میں تھانہ میریان کے مرکزی گیٹ کے باہر دھماکے میں بچے سمیت 2 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہو گئے ،شانگلہ میں فائرنگ کے تبادلہ میں پولیس حوالدار نے دم توڑ دیا،3 دہشتگرد مارے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پختونخوا کے ضلع ٹانک میں فرنٹیئر کور کی منزئی پوسٹ مرتضیٰ کے قریب ریکوری آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ اور ڈرون حملوں میں 2 جوان شہید جبکہ 5 زخمی ہو گئے ،شہید ہونیوالوں میں لانس نائیک باسط اور سپاہی عصمت اللہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں نائب صوبیدار زاہد، نائیک مدثر، سپاہی اصغر، حوالدار شاہ پور اور لانس نائیک جان شامل ہیں،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،سکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ دوسری جانب بنوں میں دہشتگردوں نے تھانے کے مین گیٹ پر بارود سے بھرا زرنج رکشہ اورآئی ای ڈی سے بھرا موٹر سائیکل ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا ،دھماکے کے نتیجہ میں 9سالہ بچہ اور 25سالہ شہری جاں بحق ہو گیا جبکہ 20افراد زخمی ہو گئے ۔ادھر شانگلہ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شانگلہ پولیس کے حوالدار مقبول احمد شہید ہو گئے ۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ، دریں اثنا لکی مروت میں نصب شدہ 2دیسی ساختہ آئی ای ڈیز برآمد کر کے ناکارہ بنا دی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں