سرکاری ادارے ٹینڈر اشتہار کی شرائط کے پابند:آئینی عدالت

سرکاری ادارے ٹینڈر اشتہار کی شرائط کے پابند:آئینی عدالت

پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار، فرنٹیر ہائی وے اتھارٹی کی اپیل خارج:تحریری فیصلہ آئینی عدالت میں درخواست کیساتھ نمونہ فارم جمع کرانا لازمی:ایڈیشنل رجسٹرار

اسلام آباد ( کورٹ رپورٹر)وفاقی آئینی عدالت کی تشکیل کے بعد جسٹس سید ارشد حسین شاہ نے اپنا پہلا تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس میں ٹینڈر اشتہار میں غیر ظاہر شدہ شرائط کی بنیاد پر اضافی سکیورٹی طلب کرنے کو غیر قانونی اور من مانی قرار دیا گیا ہے ۔ عدالت نے ، شاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے فرنٹیر ہائی وے اتھارٹی کی اپیل خارج کر دی ۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی تھی ۔ جسٹس ارشد حسین شاہ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ ٹینڈر کے عمل کے آغاز کے بعد قواعد و ضوابط میں تبدیلی کرنا قانونی اصولوں اور شفاف طرز حکمرانی کے تقاضوں کے خلاف ہے ۔ سرکاری ادارے ٹینڈر کے معاملات میں اشتہار میں درج شرائط کے پابند ہوتے ہیں اور بعد ازاں نئی شرائط عائد نہیں کر سکتے ۔ دریں اثنا وفاقی آئینی عدالت کے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کے باضابطہ سرکلر کے مطابق وفاقی آئینی عدالت میں دائر ہونے والی ہر نوعیت کی پٹیشن، اپیل یا متفرق درخواست کے ساتھ مخصوص فارمیٹ پر مشتمل فارم مکمل کر کے جمع کرانا ہوگا۔ نمونہ فارم ایڈووکیٹ آن ریکارڈ، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ یا ذاتی حیثیت میں پیش ہونے والے درخواست گزار کے دستخط سے تصدیق شدہ ہوگا ۔ مقررہ نمونہ فارم عدالتی دستاویزات کا لازمی حصہ تصور ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں