وزیرموسمیاتی تبدیلی ،چیئرمین CDAکیخلاف تحریک استحقاق لانیکافیصلہ

وزیرموسمیاتی تبدیلی ،چیئرمین CDAکیخلاف تحریک استحقاق لانیکافیصلہ

پی ایس ڈی پی ریکارڈ نہ بریفنگ،معلومات روکنا قواعد کی خلاف ورزی :قائمہ کمیٹی آئینی مینڈیٹ کو نقصان پہنچایاگیا:ارکان ،ٹھوس مواد کی عدم موجودگی پراجلاس ملتوی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کااجلاس چیئرپر سن منزہ حسن کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کاری، وفاقی وزیر، وزیر مملکت اور چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے ) کے خلاف پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) پر مطلوبہ ریکارڈ اور مطلوبہ دستاویزات پیش کرنے میں ناکامی پر تحریک استحقاق پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ چیئر پر سن نے لازمی بریفنگ دستاویزات پیش نہ کرنے پرشدید تحفظات کا اظہار کیا۔ کمیٹی کے مطابق باضابطہ طور پر پی ایس ڈی پی کے جائزے سمیت ایجنڈے کے باوجود، جانچ پڑتال کے لیے کوئی جامع بریف پیش نہیں کیا گیا۔ اراکین نے کہا قائمہ کمیٹی سے اہم ترقیاتی معلومات کو روکنا قواعد کی خلاف ورزی ہے اور ماحولیات سے متعلق عوامی اخراجات میں شفافیت، جوابدہی اور مالی احتیاط کو یقینی بنانے کے لیے کمیٹی کے آئینی مینڈیٹ کو نقصان پہنچاتا ہے ۔کمیٹی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے میں ناکامی کا سخت نوٹس لیا اورزور دیا کہ چیئرمین سی ڈی اے کی طرف سے بار بار عدم تعمیل کو معمول پر نہیں لایا جا سکتا۔معاملے کی سنگینی اور بحث کے لیے ٹھوس مواد کی عدم موجودگی کے پیش نظرکمیٹی نے اجلاس ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں