راولپنڈی میں جرگہ کے دوران فائرنگ ،2خواتین سمیت3افرادقتل
گھریلو تنازع تھا:ذرائع، آئی جی پنجاب کا نوٹس، سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی
راولپنڈی(خبر نگار) تھانہ نصیر آباد کے علاقے قاسم آباد بازار کے قریب گھر میں فائرنگ کرکے ایک مرد اور 2 خواتین کو قتل کردیا گیا ،پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی اورلاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا ۔ذرائع کے مطابق فائرنگ گھریلو تنازع پر جرگے کے دوران ہوئی ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی سے رپورٹ طلب کرلی اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے ۔ سی پی او نے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت حسن عرف بادشاہ، ان کی اہلیہ نور اور دوسری اہلیہ ندا کے ناموں سے ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق رشتہ داری کے تناز ع پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں بادشاہ اور اس کی دونوں بیویوں کو قتل کیا گیا۔ مقتول کے بیٹے نے مؤقف اپنایا کہ گاؤں سے آئے رشتہ داروں نے قتل کیے ۔