کراچی : گیس لیکیج سے دھماکا، رہائشی عمارت زمیں بوس، 16 افراد جاں بحق، 14 زخمی
سولجر بازار میں 3 منزلہ عمارت کی چھتیں گراؤنڈ فلور پر آگریں، آس پاس کی عمارتیں بھی لرز گئیں، خوف و ہراس
کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)شہر کے علاقے سولجر بازار گل رعنا کالونی میں ایک رہائشی عمارت میں گیس لیکیج کے باعث زور دار دھماکے سے تین منزلہ عمارت کی چھتیں گراؤنڈ فلور پر جا گریں، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور 6 خواتین شامل ہیں۔واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ساڑھے تین بجے کے قریب پیش آیا، آس پاس کی عمارتیں بھی لرز گئیں اورعلاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور پولیس رینجرز موقع پر پہنچے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن شروع کیا۔ دس گھنٹے جاری رہنے والے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران 16 لاشوں اور 14 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لیے سول برنس وارڈ اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔انچارج بم ڈسپوزل سکواڈ عابد فاروق کے مطابق دھماکا گیس لیکیج کے باعث ہوا، سلنڈر پھٹا نہیں بلکہ گھر کے باورچی خانے میں گیس کی ناقص فٹنگ اور پلاسٹک پائپ کے استعمال کی وجہ سے لیکیج زیادہ تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق علاقے میں چند روز سے گیس نہیں آ رہی تھی اور دھماکے سے قبل اچانک گیس کی تیز سپلائی شروع ہوئی، ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ یا ماچس سے دھماکا ہوا۔
ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ لنجار اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصر اللہ عباسی نے جائے حادثے کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ڈی جی ریسکیو کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین کی وجہ سے ہوا۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر شرجیل میمن نے واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے احکامات دیے گئے ۔