تفتان:ایل پی جی پلانٹ میں دھماکا، 2 جاں بحق، 5 زخمی
کوئٹہ (نیوزایجنسیاں) پاک ایران سرحدی شہر تفتان میں ایل پی جی باؤزر خالی کرنے والے پلانٹ میں آگ لگنے اور دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
دھماکے اور آگ سے متعدد باؤزر، دکانیں اور گاڑیاں بھی جل کر خاکستر ہوگئیں، تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب شاہوانی کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے تفتان میں قائم ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ میں کھڑے ایک گیس باؤزر میں آگ لگنے کے بعد زور دار دھماکا ہوا،جس کے نتیجے میں نوشکی کے رہائشی منور سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ اسسٹنٹ کمشنر تفتان نعیم اور دیگر پانچ افراد، شہریار، وحید، نعمان اور ظہیر احمد زخمی ہوگئے ،زخمیوں کوہسپتال منتقل کردیاگیا ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ اس وقت لگی جب ایران سے آنے والے ایک باؤزر سے گیس دوسرے باؤزر میں منتقل کی جا رہی تھی،عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد آگ کے شعلے کئی کلومیٹر دور سے بھی دکھائی دے رہے تھے ، ریسکیو آپریشن کے دوران اسسٹنٹ کمشنر تفتان آگ کی زد میں آ کر معمولی زخمی ہوئے۔