جسٹس سرفراز ڈوگر سماعت کریں تو عمران رہا ہوجائینگے : علیمہ

جسٹس سرفراز ڈوگر سماعت کریں تو عمران رہا ہوجائینگے : علیمہ

بہن کی آخری ملاقات میں بانی کا پیغام تھا یہ مجھے ختم کر دینگے :میڈیا سے گفتگو بینائی میں بہتری حوصلہ افزا:سلمان اکرم ،صحت پرسیاست غلط :عبدالقیوم نیازی

راولپنڈی (خبر نگار)علیمہ خان نے کہا ہے کہ میں آج ایک ڈیل آفر کرتی ہوں یہ بانی پی ٹی آئی کا علاج کرائیں ہم کسی کا نام نہیں لیں گے ، بانی کی رہائی تبھی ممکن ہے جب جسٹس سرفراز ڈوگر کیسز کی سماعت کریں، اگر بانی کو زہر نہیں دے رہے تو انہیں کس بات کا ڈر ہے ، ہم ان کا بلڈ ٹیسٹ کرائیں گے ۔ بانی پی ٹی آئی سمیت دیگررہنماؤں پر قائم تمام کیسز سیاسی ہیں۔ محسن نقوی نے فیملی اور ذاتی معالج کی موجودگی میں علاج کی گارنٹی دی تھی، ہمیشہ کہا یہ جھوٹے ہیں آج ثابت بھی ہو رہے ہیں ۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی نے سلمان صفدر کو بتایا کہ سپرنٹندنٹ جیل انجم غفور پر کریمینل غفلت کا کیس کرو،میں نے اس کیلئے اپنے وکلا کو ہدایت کردی ہے۔

علیمہ خان نے کہاکہ بانی کی رہائی تبھی ممکن ہے جب جسٹس سرفراز ڈوگر کیسز کی سماعت کریں، چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ ان کیسز کو سنیں، حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جو تماشہ کیا، حکومت کو اس پر شرم آنی چاہئے ۔ جب ضمانتیں ملیں گی تو اسی وقت عمران خان کو جیل سے سیدھا الشفا ہسپتال لے جائیں گے ۔ میری بہن کی آخری ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کا پیغام تھا یہ مجھے ختم کر دیں گے ، یہ بانی کو ہسپتال منتقل کرنے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟، بلڈ ٹیسٹ کیوں نہیں کروانے دے رہے ؟، ہمیں خدشات کیوں نہ ہوں، نہ ملاقات کی اجازت ہے اور نہ ہی علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیاجارہاہے۔

تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق کہا ہے کہ پہلے بانی پی ٹی آئی کو دیوار پر لگی گھڑی نظر نہیں آرہی تھی، اب سوئیاں بھی دِکھ رہی ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان کی بینائی میں بہتری انتہائی حوصلہ افزا ہے اور ڈاکٹرز نے کہا یہ حیرت انگیز بھی ہے ، جو باتیں ڈاکٹر ندیم قریشی نے ہمیں پمز ہسپتال میں بتائیں وہ حوصلہ افزا ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ڈاکٹر ندیم قریشی کا نام ڈاکٹر عاصم یوسف نے ہی دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق شوکت خانم کے سی ایم او ڈاکٹر عاصم یوسف نے 3 ماہر امراض ریٹینا کے نام تجویز کیے تھے جنہیں عمران خان کے معائنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

تجویز کردہ ڈاکٹروں کے نام سلمان اکرم راجہ کو فراہم کئے گئے تھے، جن میں الشفاء انٹرنیشنل کے ڈاکٹر عامر اعوان،میجر جنرل ریٹائرڈ مظہر اورآرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف آفتھامالوجی کے سربراہ میجر جنرل وقار مظہر شامل تھے ۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کاکہناہے کہ آزادکشمیر میں 4ماہ بعد الیکشن ہونیوالے ہیں ،میں بانی سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل آیا لیکن ملاقات نہیں کرنے دی گئی۔ داہگل ناکے پر پی ٹی آئی رہنما خواجہ فاروق، سینیٹر گردیپ سنگھ، کرم رسول خان و دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو ہوئے انہوں نے کہاکہ رہائی فورس بنانے کیلئے وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کو شاید پارٹی سے منظوری لینی پڑے ، پی ٹی آئی میں بانی کی صحت پر سیاست کرنے والوں پر لعنت ہو،بانی کے علاج کیلئے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی دی جانی چاہئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں