پنجاب حکومت کا طیارہ عالمی ارب پتی استعمال کرتے ہیں : مہر بخاری

پنجاب حکومت کا طیارہ عالمی ارب پتی استعمال کرتے ہیں : مہر بخاری

پاکستان میں دوران پروازوزیراعلیٰ کی موجودگی والا کوڈ استعمال ہوا:سینئرتجزیہ کار رہائی فورس کے اعلان سے حکومت میں کھلبلی:شفیع جان،’’دنیامہربخاری کیساتھ ‘‘

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرتجزیہ کار مہر بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے 11ارب روپے کا طیارہ خریدنے کا معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب حکومت کی جانب سے ایک اشتہار دیا گیا جس میں خاص طور پر گلف سٹریم جی 500 طیارہ اڑانے کے ماہر پائلٹ کی خدمات طلب کی گئی تھیں،یہ طیارہ 2019 کا تیار کردہ ہے جسے عام طور پر دنیا بھر کے سربراہان مملکت یا بڑے کاروباری ادارے استعمال کرتے ہیں۔ ،اس وقت بڑے بڑے کاروباری ارب پتی لوگ اس طیارے کو استعمال کررہے ہیں، طیارہ کا نمبراین 144 ایس ہے ، اس طیارے کے پاکستان میں سفر کا ریکارڈ بھی موجود ہے ،یہ طیارہ پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں ہوا،یہ امریکی رجسٹریشن پر ہے۔

لگژری جیٹ خریدنے پر پنجاب حکومت ایک مرتبہ پھر تنقید کی زد میں ہے ،حال ہی میں اس طیارے کو لاہور سے سیالکوٹ کے درمیان پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا اور اس دوران اس نے وہی مخصوص کوڈ ’’پنجاب 2‘‘استعمال کیا جو عام طور پر وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں استعمال ہوتا ہے ۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں وضاحت پیش کی ہے کہ طیارہ پنجاب ایئر لائن کیلئے خریدا گیاہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیامہربخاری کے ساتھ ‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات کے پی شفیع جان نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کے عمران خان رہائی فورس بنانے کے اعلان سے حکومتی کیمپ میں کھلبلی مچ گئی ہے ، حکومتی لوگوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ، سہیل آفریدی کو سٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری دی گئی ،وہ سمجھتے ہیں کہ سٹریٹ موومنٹ کیلئے اس فورس کی ضرورت ہے تو بالکل اس کو بنانی چاہئے ،فورس کا کام صرف عمران خان کی رہائی کی حد تک ہوگا،جس دن عمران خان کی رہائی ہوگی یہ فورس ختم کردی جائے گی،یہ کوئی سیاسی ونگ نہیں ،اس کا مقصد صرف اور صرف عمران خان کی رہائی ہوگا، یہ پرامن فورس ہوگی،کوئی غیرقانونی کام نہیں کرے گی، فورس میں شامل نوجوان قانونی، آئینی دائرہ میں رہ کر اپنا کردار ادا کریں گے۔

شفیع جان نے کہاکہ کے پی کے کی شاہراہوں پر دھرنا تحریک انصاف کی کال پر نہیں تھا، لوگ خود عمران خان کی صحت کی تشویش کی وجہ سے بیٹھے تھے اور عدالتی حکم پر اٹھ گئے ۔عمران خان کی بینائی پر بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم را جہ وہی بات کرتے ہیں جو انہیں بتائی جاتی ہے ،ہمارا مطالبہ آج بھی یہ ہے کہ عمران خان سے ملاقات کرائی جائے ،عمران خان کی صحت کا ایشو سیاسی نہیں ہے ،فیملی کے جو مطالبات ہیں وہ جائز ہیں، تحریک انصاف عمران خان کی فیملی کے ساتھ کھڑی ہے ۔علی امین گنڈاپور کے انٹرویو کے حوالے سے شفیع جان کاکہناتھاکہ علی امین گنڈاپور کو اس وقت انٹرویو نہیں دینا چاہئے تھاتاہم اس سے ہمارے کاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں