فضائی آلودگی سے الزائمر سے متاثر ہونیکا خطرہ بڑھتا ہے
لاہور(نیٹ نیوز)فضائی آلودگی کی زد میں رہنے والے افراد میں الزائمر امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے ۔یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔الزائمر امراض دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا کی سب سے عام قسم ہے اور دنیا بھر میں 5 کروڑ 70 لاکھ افراد اس سے متاثر ہیں۔
جرنل پلوس میڈیسن میں شائع تحقیق میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کے ڈھائی کروڑ سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ فضائی آلودگی میں زیادہ رہنے سے الزائمر امراض کا خطرہ بڑھتا ہے ، خاص طور پر وہ افراد جو ماضی میں فالج کا سامنا کرچکے ہوتے ہیں۔اس حوالے سے ہائی بلڈ پریشر اور ڈپریشن بھی معمولی حد تک اثرات مرتب کرتے ہیں۔تحقیق میں بتایا گیا کہ فضائی آلودگی براہ راست الزائمر امراض کا خطرہ بڑھانے میں کردار ادا کرتی ہے ۔