بھارتی اے آئی کانفرنس کو ایک اور دھچکا ، بل گیٹس کی شرکت منسوخ
اے آئی سمٹ پہلے ہی بدانتظامی ، روبوٹ تنازع کے باعث تنقید کی زد میں تھا
نئی دہلی (رائٹرز)مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے بھارت کے اے آئی امپیکٹ سمٹ میں اپنی طے شدہ کلیدی تقریر سے چند گھنٹے قبل شرکت منسوخ کر دی۔ یہپیش رفت ایسے وقت سامنے آئی جب امریکی محکمہ انصاف کی ای میلز جاری ہونے کے بعد ان کے انجہانی سرمایہ کار اور جنسی جرائم میں ملوث جیفری ایپسٹین سے تعلقات پر تنقید میں شدت آ گئی۔بل گیٹس کی اچانک دستبرداری سے اس اہم تقریب کو نیا دھچکا پہنچا، جو پہلے ہی انتظامی کوتاہیوں، ایک روبوٹ سے متعلق تنازع اور ٹریفک کی بدانتظامی کی شکایات کی وجہ سے تنقید کی زد میں تھی۔گیٹس فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ ارب پتی شخصیت تقریب میں خطاب نہیں کریں گے تاکہ توجہ اے آئی سمٹ کی بنیادی ترجیحات پر مرکوز رہے ۔ چند روز قبل ہی فاؤنڈیشن نے ان کی عدم شرکت کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ شرکت کے لیے تیار ہیں۔ گیٹس کی غیر موجودگی سے قبل این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ نے ہفتے کے روز اپنی شرکت منسوخ کر دی تھی۔ اس پیش رفت نے اس سمٹ کے آغاز کو مزید مشکل بنا دیا، جسے گلوبل ساؤتھ میں مصنوعی ذہانت کا پہلا بڑا فورم قرار دیا جا رہا تھا اور جہاں بھارت خود کو عالمی اے آئی گورننس میں ایک نمایاں آواز کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہے ۔