ورلڈ کپ کا ذکر نہ کریں، کچھ لوگوں کو ناگوار گزرتا ہے : سپریم کورٹ ججز کے دلچسپ جملے
چھوٹو گینگ مشہور ،سی سی ڈی نے سب ختم کر دیا،وکیل بھی لے گئے :جسٹس شہزاد چیمپئنز ٹرافی بھی رمضان میں جیتی :وکیل، ایسا نہ ہواب کچھ ہو جائے :ریمارکس
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ میں جسٹس ملک شہزاد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو بدنام زمانہ چھوٹو گینگ کے سربراہ سمیت چار ملزموں کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران جسٹس ملک شہزاد نے ریمارکس دیئے کہ سزائے موت کا مقدمہ دو رکنی بینچ نہیں سن سکتا۔ پراسیکیوٹر رائے اختر حسین نے دلائل دیتے ہوئے کہا یہ مقدمہ مشہور چھوٹو گینگ کا ہے ۔ جسٹس شہزاد احمد ملک نے ریمارکس دیئے چھوٹو گینگ تو پنجاب میں بڑا مشہور تھا، ویسے اب تو سی سی ڈی نے سب ختم کر دیا ، سی سی ڈی والے تو مقدمات لڑنے والے وکیل عمران کو بھی لے گئے تھے۔
وکیل عثمان کھوسہ نے کہا میں بھی چھوٹو گینگ کی طرف سے پیش ہو رہا ہوں تاہم محفوظ ہوں، کیس کی اگلی سماعت منگل کے روز کی جائے ۔ جسٹس شہزاد احمد ملک نے استفسار کیا منگل کی تاریخ مانگ رہے ہیں استخارہ تو نہیں کرکے آئے ؟ وکیل نے کہا منگل نہیں تو رمضان کی کوئی تاریخ دے دیں، بابرکت مہینہ ہے ، اسی مہینے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیئے اس ورلڈ کپ کا ذکر نہ کیا کریں۔ جسٹس ملک شہزاد نے ریمارکس دیئے کچھ لوگوں کو اس ورلڈ کپ کا ذکر ناگوار گزرتا ہے ۔ وکیل چھوٹو گینگ نے کہا چیمپئنز ٹرافی بھی رمضان میں جیتی گئی تھی۔ جسٹس ملک شہزاد نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا پہلے تو نہیں اٹھائے گئے ، ایسا نہ ہو اب کچھ ہو جائے ۔ عدالت نے سماعت 7اپریل تک ملتوی کر دی۔