تقرری کے خلاف درخواست واپس
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرری کے خلاف درخواست واپس لینے پر نمٹادی ۔
سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے مؤقف اختیار کیاگیاکہ اسحاق ڈار کے پاس نائب وزیراعظم کاعہدہ علامتی ہے ، بطورنائب وزیراعظم ان کے پاس کسی قسم کے آئینی یاانتظامی اختیارات نہیں ہیں، رولز آف بزنس میں ترمیم کردی گئی ہے ، اس سے قبل چودھری پرویزالٰہی بھی نائب وزیراعظم کے عہدے پر رہ چکے ہیں۔ درخواست ناقابل سماعت ہے اس خارج کیاجائے ۔ درخواست گزار ایڈووکیٹ طارق منصور نے درخواست واپس لے لی ۔ عدالت نے درخواست واپس لینے پر نمٹا دی۔