معاشی،سماجی انصاف کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح:مریم نواز

معاشی،سماجی  انصاف  کو  یقینی  بنانا  ہماری  حکومت  کی  اولین  ترجیح:مریم  نواز

مہذب معاشرے کی بنیاد مساوات ،امیر غریب کی بڑھتی معاشی خلیج سے مسائل جنم لے رہے :پیغام سی ایم سٹروک مینجمنٹ پروگرام سے نئی زندگی مل گئی ،مریض عمران کا وزیراعلیٰ اورٹیم کو خراج تحسین

 لاہور(دنیانیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سماجی انصاف کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ،معاشرے میں سماجی انصاف یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقین کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ سماجی انصاف کے عالمی  دن پراپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت سماجی انصاف پر پختہ یقین رکھتی ہے ۔دین اسلام سماجی انصاف،مساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے ، پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ نے انسانیت کے ساتھ ہر لحاظ سے انصاف کرنے کا لافا نی پیغام دیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سماجی انصاف سے عاری معاشرے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں، مہذب معاشرے کی بنیاد ہی سماجی انصاف اور مساوات ہے ،امیر غریب کی بڑھتی معاشی خلیج سے سماجی مسائل جنم لے رہے ہیں۔ مینارٹی کارڈ اور ہمت کارڈ سمیت دیگر پروگرام سماجی انصاف کے ہدف کی جانب واضح پیش رفت ہے ۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ کا سٹروک مینجمنٹ پروگرام فالج کے ہر مریض کے لئے نئی زندگی کی نوید بن گیا۔ 45سالہ محمد عمران نے فالج کے بعد صحت یابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ پاکستان پوسٹ کے ملازم45سالہ محمد عمران کو اچانک فالج کا خوفناک حملہ ہوا، فوری سروسز ہسپتال پہنچایا گیا تھا اور محمد عمران کو بولنے میں شدیددشواری تھی اور جسم کا بایاں حصہ مفلوج ہوچکا تھا۔فالج کے حملے کے چار گھنٹے کے اندر اندر سروسز ہسپتال ایمرجنسی وارڈ میں قائم سی ایم پنجاب سٹروک مینجمنٹ پروگرام سنٹر میں پہنچنے پر فالج زدہ محمد عمران کا فوری علاج شروع کیا گیا۔ ٹی این کے  انجکشن لگنے کے بعد فالج زدہ محمد عمران کے چند گھنٹے کے اندر اعضا کی حرکت بحال ہوگئی اور محمد عمران بولنے کے قابل ہوگیا۔ محمد عمران نے اشک بار آنکھوں سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اتنا مہنگا انجکشن مفت مہیا کیاہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں