بورڈ آف پیس میں شمولیت پر تشویش،وزیر اعظم قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں،پی ٹی آئی
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر حکومت کے بورڈ آف پیس میں شمولیت کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی مسلسل توسیع اور غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کی مہم پر دنیا کی مجرمانہ خاموشی کے درمیان یہ فیصلہ اور بھی تشویش کا باعث ہے ، یہ فیصلہ فلسطینیوں اور امت کے لیے اس کے طویل مدتی تباہ کن مضمرات کو نظر انداز کرتے ہوئے کیا گیا ہے ،پی ٹی آئی نے وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ مزید تاخیر کے بغیر قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں اور خبردار کیا کہ عوام فلسطینیوں کے مستقبل کے حوالے سے کسی بھی مسلط کردہ منصوبے اورحماس کو زبردستی غیر مسلح کرنے کی کوشش کو قبول نہیں کریں گے ۔