ضلع کوہاٹ میں تیل وگیس کا ذخیرہ دریافت کرنیکا اعلان
یومیہ 225 بیرل خام تیل ، 10 لاکھ مکعب کیوبک فٹ گیس حاصل
اسلام آباد (نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں) خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کا ذخیرہ دریافت کر لیا گیا۔ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ایکسپلوریٹری کنویں براگزئی ایکس-1 (سلانٹ) میں تیل و گیس کی اہم دریافت کا اعلان کیا ہے ۔براگزئی ایکس-1 کنویں سے یومیہ 225 بیرل خام تیل اور 10 لاکھ مکعب فٹ گیس کی پیداوار حاصل ہوئی ہے ۔ کنویں کی کھدائی 30 دسمبر 2024 کو شروع کی گئی تھی اور اسے 5,170 میٹر کی مجموعی گہرائی تک ڈرل کیا گیا۔یہ دریافت تیل و گیس کی طلب و رسد کے فرق کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ او جی ڈی سی ایل نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو خط کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کر دیا ہے ۔کنویں میں او جی ڈی سی ایل کا 65 فیصد، پی پی ایل کا 30 فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگ کمپنی کا 5 فیصد حصہ ہے ۔ نئی دریافت سے پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی اور ہائیڈروکاربن کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، جو ملکی معیشت کے لیے ایک خوش آئند قدم ہے ۔واضح رہے کہ سندھ کے ضلع ٹنڈو الہ یار میں بھی تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جسے توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔