پراپرٹی اونر شپ آرڈنینس: 3رکنی فل بینچ تشکیل،23فروری کو سماعت
لاہور (کورٹ رپورٹر )پنجاب پراپرٹی اونر شپ آرڈنینس پر عمل درآمد روکنے کا معاملہ ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3رکنی فل بینچ تشکیل دیدیا گیا جو 23فروری کو سماعت کرے گا ۔
پراپرٹی اونرشپ آرڈیننس کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں مجموعی طور پر 200 سے زائد درخواستیں دائر کی گئی ہیں جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ڈی سی کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی کمیٹیوں نے پیرا فورس کا استعمال کر کے شہریوں کی اراضی پر قبضے واگزار کروانا شروع کر دیئے جو کمیٹی کا اختیار نہیں، یہ اختیار ٹریبونل کا تھا اور اس آرڈیننس کا غلط استعمال کیا جا رہا ۔ لاہور ہائیکورٹ نے اس آرڈیننس پر عمل درآمد روک کر پنجاب حکومت سے جواب طلب کیا تھااور اب چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے ،بینچ میں جسٹس جواد ظفر اور جسٹس عبہر گل خان بھی شامل ہیں ،لاہور ہائیکورٹ رجسٹرار آفس کی جانب سے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز ارسال کر د یئے گئے ہیں، تین رکنی فل بینچ 23فروری کو سماعت کرے گا ۔