آفریدی کی آمد پر ہنگامہ :سپیکر نے معاملے کی پیروی چھوڑ دی

 آفریدی کی آمد پر ہنگامہ :سپیکر نے معاملے کی پیروی چھوڑ دی

اپوزیشن نے ملک احمد کو آئندہ بہتر انتظامات کی یقین دہانی کرائی:ذرائع

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پختونخوا سہیل آفریدی کی آمد کے موقع پر ہلڑ بازی کے واقعے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ۔ اسمبلی ذرائع  کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے معاملے کی پیروی چھوڑ دی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ارکان نے سپیکر کو یقین دہانی کروائی کہ آئندہ کسی بھی سیاسی دورے کے موقع پر بہتر انتظامات اور مکمل معاونت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ایسی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔یاد رہے سپیکر پنجاب اسمبلی نے واقعے کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی رپورٹ پنجاب پولیس کے سربراہ کو ارسال کی گئی۔

رپورٹ میں واقعے سے متعلق ویڈیو شواہد بھی شامل تھے اور ہلڑ بازی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی تجویز دی گئی تھی۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق معاملے پر ابتدائی قانونی کارروائی کی سفارش کے باوجود فریقین کے درمیان مفاہمت کے بعد سپیکر نے پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔یاد رہے رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ مطیع اللہ برقی نامی شخص نے خود کو پختونخوا کے حلقہ پی کے 89 سے ایم پی اے اشفاق ظاہر کرتے ہوئے اسمبلی میں داخلے کی کوشش کی اور اہلکاروں سے ہاتھا پائی اور گالم گلوچ بھی کی ، بعض افراد نے دھکم پیل اور بدتمیزی کی ۔رپورٹ کے مطابق اپوزیشن کی فراہم کردہ فہرست میں سزا یافتہ شخص حیدر مجید کا نام بھی شامل تھا، اسمبلی سیکرٹریٹ نے سکیورٹی اہلکاروں کے بیانات بھی قلمبند کئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں