سموگ کنٹرول :پنجاب میں 30جدید فوگ کینن نصب کرنیکا فیصلہ
لاہور ایئر امپروومنٹ فریم ورک کے تحت 2ارب 25کروڑ روپے مختص :حکام
لاہور(این این آئی)پنجاب حکومت نے سموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے 3ارب روپے کی لاگت سے 30جدید فوگ کینن الیکٹرک ٹرکوں پر نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا ، جو بڑے شہری اور صنعتی علاقوں میں گردوغبار کم کرنے میں مدد دیں گے ۔یہ اقدام صوبائی حکومت کی جامع کلین ایئر اور کلائمیٹ ریزیلینٹ حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد فضائی آلودگی میں کمی اور ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے ۔حکام کے مطابق جدید فوگ کینن منصوبہ خاص طور پر آلودگی سے متاثرہ شہروں میں موثر کردار ادا کرے گا اور ہوا میں موجود مضر ذرات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔لاہور ایئر امپروومنٹ فریم ورک کے تحت 2ارب 25کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، جس کے ذریعے صاف ہوا کیلئے مربوط پروگرام شروع کیا جائے گا۔ پہلی بار سپر سٹیشن سسٹم کے ذریعے لاہور میں فضائی آلودگی کے ذرائع کی ریئل ٹائم نشاندہی ممکن ہوگی، ون سٹی ون پالیسی ماڈل کے تحت جدید ایئر کوالٹی گورننس نافذ کی جائے گی۔