بلوچستان اسمبلی:صوبائی85،قومی 28نشستیں کرنیکی قرارداد منظور
نمائندگی بڑھا نے سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے :اپوزیشن رکن اصغر علی ترین پرنٹ میڈیا کیلئے نئی پالیسی لا رہے ، ورکرز کو مقررہ اجرت لازمی دیں :وزیراعلیٰ
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی اسمبلی کی نشستیں 65 سے بڑھا کر 85 ، قومی اسمبلی میں بلوچستان کی نشستیں 20 سے بڑھا کر 28 کرنے سے متعلق مشترکہ قرارداد منظور کر لی گئی۔سپیکر اسمبلی عبد الخالق اچکزئی کی زیر صدارت گزشتہ روز اجلاس 37منٹ کی تاخیر سے منعقد ہوا ،جس میں محکمہ اطلاعات اور محکمہ صحت سے متعلق سوالات دریافت اور انکے جواب دیئے گئے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلو چستان سرفراز احمد بگٹی نے کہاکہ ڈیجیٹل میڈیا کا دور ہے ، پرنٹ میڈیا کیلئے نئی پالیسی لائی جارہی ، اخباری ورکرز کو کم سے کم مقررہ اجرت لازمی دی جائے ۔علاوہ ازیں اپوزیشن رکن اصغر علی ترین نے بلوچستان اسمبلی کی نشستیں اور قومی اسمبلی میں بلوچستان کی نشستیں بڑھا نے سے متعلق قرار داد پیش کی اورکہا کہ نمائندگی بڑھا نے سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے ، صوبائی حکومت وفا ق سے رجوع کرے کہ بلو چستان اسمبلی کی نشستیں 65سے بڑھا کر 85 اور قومی اسمبلی میں بلو چستان کی نشستیں 20سے بڑھا کر 28کر نے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔دریں اثناء رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی عدم فراہمی سے متعلق توجہ دلائو نوٹس پیش کرتے ہو ئے کہا کہ مالی سال کا بیشتر حصہ گزرچکا ،تاحال سرکاری ہسپتالوں میں ادویات فراہم نہیں کی جا سکیں ،مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہاکہ تمام ویئر ہاؤسز میں ادویات موجود ہیں ،ڈسٹرکٹس میں ادویات تقسیم کرنے میں دو ماہ کا وقت لگتا ہے ،نظام ہم سب نے ملکر ٹھیک کرنا ہے ، ایوان نے توجہ دلاؤ نوٹس نمٹادیا۔