ٹرمپ پاکستان کی تعریفیں کرتے ہوئے کبھی بھی پلٹا کھا سکتے
ہم نے فوج بھیجنی ہے نہ دینے کیلئے پیسے ،پھر بھی جیسے ڈیل کیا داد دینی چاہیے امریکی صدر کے مقاصد اسرائیل والے ، محتاط رہیں:آج کی بات سیٹھی کیساتھ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا نیوز کے پروگرام آج کی بات سیٹھی کے ساتھ میں سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا یہ سب کو پتا تھا کہ غزہ پیس بورٖڈ میں شمولیت سے پاکستان کیلئے کافی مشکلات ہوں گی،ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم ٹرمپ کو اگنور نہیں کرسکتے ،ہم نے اجلاس میں بیٹھنا بھی ہے اور اپنی فوج بھی نہیں دینی، دینے کیلئے پیسے بھی نہیں،ابھی تک انہوں نے جس طرح ڈیل کیا ہے ان کو داد دینی چاہئے ،انہوں نے مزید کہا ہے کہ ترکیہ والے اپنی فوج بھیجنے کو تیار ہیں،مگر اسرائیل نہیں چاہتا،ہم تو اپنی فوج دینے کو تیار نہیں،اسرائیل بھی نہیں چاہتا،یہ فرق ہے ترکیہ اور پاکستان میں،آگے پاکستان کیا کرے گا،اس کا علم نہیں،انہوں نے محنت بڑی کی ہے ابھی تک ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریفیں کر رہے ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ نے گرنے والے جہازوں کی تعداد بھی بڑھا دی ہے ،پہلے 5 تھے ، پھر 7 کئے ،پھر 8 ہو گئے۔
اب ڈونلڈ ٹرمپ نے 11 کر دیئے ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان سے انڈٖیا کو بڑی تکلیف ہورہی ہو گی،ڈونلڈ ٹرمپ آج پاکستان کی تعریفیں کررہے ہیں ، یہ کسی وقت بھی پلٹا کھاسکتے ہیں،پاکستان اس دن کا خوف کرے جس دن انہوں نے پلٹا کھایا،بیلنس کرنا ہے تو مشکل ، مگرانہوں نے کرکے دکھا یا ہے ، میں ان کو داد دیتا ہوں،ٹرمپ کے بھی اسرائیل والے مقاصد ہیں کہ غزہ اور مغربی کنارے سے سارے فلسطینیوں کو نکال دیا جائے اور اسرائیل پورے کا پورا قبضہ کرلے ۔اس لئے محتاط رہیں کہ یہ ٹرمپ کیا کیا کرسکتے ہیں،جب نجم سیٹھی سے پوچھا گیا کہ دفتر خارجہ کے مطابق ایسی فورس کا حصہ بننا جو حماس کو غیر مسلح کرے ہماری ریڈ لائن ہے ، اس کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہم کون ہوتے ہیں ریڈ لائن بنانے والے ، ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے ہم کچھ نہیں، ریڈ لائن صرف ڈونلڈ ٹرمپ کی ہے زیادہ بڑھکیں مارنے کی ضرورت نہیں،ہم کو ریڈ لائن کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہئے ،ہم کو یہ کہنا چاہئے کہ ہماری مجبوریاں ہیں ،ہم نے اپنی عوام کے موقف کے خلاف کچھ کیا تو ہم ٹوٹ جائیں گے ،یہ ٹرمپ کو بتادیں۔