جڑواں شہروں میں آ پریشن،100افغانوں سمیت متعددگرفتار

جڑواں شہروں میں آ پریشن،100افغانوں سمیت متعددگرفتار

سکیورٹی ہا ئی الرٹ، اٹک، جہلم چکوال میں بھی آپریشنز ، رینجرز، سی ٹی ڈی نے حصہ لیا

 راولپنڈی،اسلام آباد (خبر نگار، خصوصی رپورٹر) امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ،قانون نافذ کرنے والے اداروں  نے راولپنڈی اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 100 سے زائد افغان شہریوں سمیت متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس، رینجرز، سی ٹی ڈی، لیڈی پولیس اور انٹیلیجنس اداروں کے آپریشن کے دوران مختلف علاقوں میں 150 سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی جس کے دوران 100 سے زائد افغان شہر یوں اور مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ راولپنڈی میں تھانہ صادق آباد کے علاقے ڈھوک کشمیریاں اور اطراف میں 120 افراد، 50 گھروں، 15 گاڑیوں اور 10 موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کی گئی، 11 افراد بغیر کرایہ نامہ کے پائے گئے جنہیں وارننگ کے بعد رہا کر دیا گیا، ترنول کے علاقے اتحاد کالونی میں 570 افراد کی سکریننگ کی گئی اور 16 افغان شہریوں سمیت مجموعی طور پر 51 گرفتاریاں کی گئیں ، اسلام آباد ، راولپنڈی پولیس نے مشترکہ سکیورٹی میکنزم ترتیب دیا ہے جس کے تحت مشترکہ پکٹس بھی قائم کی گئی ہیں جبکہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے حساس مقامات اور اہم شاہراہوں کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد سمیت پانچ اضلاع میں 2 ہزار اہلکاروں نے مشترکہ کارروا ئیاں کیں جن میں سینکڑوں افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا ۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں بھی آپریشنز کیے گئے ،دینہ میں رات گئے 25 گھروں کی تلاشی لی گئی ، 62 افراد کی چیکنگ کی گئی ،اٹک کے 5 مقامات پر بیک وقت آپریشن کے دوران 230 مساجد کی حفاظت اور غیرقانونی افغان شہریوں کی سکریننگ کی گئی، حسن ابدال، حضرو، پنڈیگھیب ، جنڈ، فتح جنگ اور اٹک میں بھی مسلسل چیکنگ جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں